سٹیل مل، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے جیسے اداروں کا وجود حکومتی نااہلی کے باعث خطرے میں ہے: ڈاکٹر رحیق احمد عباسی
قومی اداروں کو سیاسی مفادات کی دیمک نے چاٹ کھایا، پارلیمنٹ
سیاسی مفادات کی لڑائی کا اکھاڑا بن گئی ہے
عوام الیکشن سے پہلے موجودہ انتخابی نظام کے خلاف زور دار تحریک چلائیں تاکہ نااہل
دوبارہ منتخب نہ ہوسکیں
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی پاکستان عوامی تحریک سرگودھا کی ایگزیکٹو کے اراکین سے
ملاقات کے دوران گفتگو
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ قومی ادارے تباہی کے دھانے پر کھڑے ہیں، آئین کاغذ کا پرزہ بن گیا ہے، جہاں ادارے کمزور اور شخصیات طاقتور ہوں وہاں آئین غیر محفوظ ہوجاتا ہے۔ سرکاری اداروں کی حالت دگرگوں ہو چکی ہے جس کی وجوہات پر کام کرنے کی بجائے انہیں مزید کھوکھلا کیا جارہا ہے جو اس ملک کا سب سے بڑا المیہ ہے۔ سٹیل مل، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے جیسے اداروں کا وجود حکومتی نا اہلی کے باعث خطرے میں ہے۔ قومی اداروں کو سیاسی مفادات کی دیمک نے چاٹ کھایا ہے۔ وہ پاکستان عوامی تحریک سرگودھا کی ایگزیکٹو کے اراکین سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ قانون سازی کی بجائے پارٹیوں کے سیاسی مفادات کی لڑائی کا اکھاڑا بن گئی ہے، ملکی خود مختاری سوالیہ نشان ہے۔ عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت ایسے ملک کی ہوگئی ہے جس کے حکمرانوں پر اعتبار کرنے کو کوئی تیار نہیں ہے۔ ایسے میں عوام کا فرض ہے کہ وہ مفلوج پارلیمنٹ بنانے والے سیاسی نظام کے خلاف مؤثر اور منظم انداز میں باہر نکلیں۔ تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی پر منتج ہوگی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ آ نیوالے الیکشن سے پہلے موجودہ انتخابی نظام کے خلاف زور دار انداز میں تحریک چلائیں تاکہ نااہل دوبارہ منتخب نہ ہوسکیں۔
تبصرہ