بوڑھے پنشنر کا قاتل موجودہ انتخابی نظام ہے جس نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے
مرنے کے بعد چند لاکھ روپے کا اعلان کر کے جان چھڑا لی جاتی ہے
جبکہ کروڑوں افراد کی زندگی جانوروں سے بدتر بنا دی گئی ہے
عوام موجودہ انتخابی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جو گونگی اور بہری پارلیمنٹ جنم دیتا
ہے
پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی کی پنجاب کے صدر لہراسب خان گوندل کی
قیادت میں آنیوالے وکلاء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو
پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ جس ملک میں ادارے کمزور اور شخصیات طاقتور ہوں وہاں عدل و انصاف عوام کی پہنچ سے ہمیشہ دور رہتا ہے اور آئین کی حیثیت کاغذ کے ایک پرزے سے زیادہ نہیں رہتی۔ بوڑھے پنشنر کا قاتل موجودہ انتخابی نظام ہے جس نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ سپریم کورٹ کا ازخود نوٹس خوش آئیند ہے مگر کیا یہ ضروری ہے کہ ارباب اختیار انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد مسائل حل کرنے کی طرف اقدام کریں؟ کرپشن نے اداروں کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کا یہ کہنا کہ احتساب کا کوئی قابل اعتماد ادارہ موجود نہیں ہمارے سیاسی نظام کی قلعی کھول رہا ہے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر لہراسب خان گوندل کی قیادت میں آنیوالے وکلاء کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے معاشرے میں بوڑھے پنشنروں کے حقوق کا بھی تحفظ نہیں جو مقتدر طبقے کی ترجیحات کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرنے کے بعد چند لاکھ روپے کا اعلان کر کے جان چھڑا لی جاتی ہے جبکہ کروڑوں افراد کی زندگی جانوروں سے بدتر بنا دی گئی ہے۔ عوام موجودہ انتخابی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں جو گونگی اور بہری پارلیمنٹ جنم دیتا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام میں ادارے مفلوج اور عوام ہمیشہ بے حال ہی رہیں گے اس لئے عوام سیاسی شعور کی آنکھ کھولیں اوراس کے خلاف بغاوت کر دیں اگر ایسا نہ کیا گیا تو 97 فی صد عوام اپنے حقوق سے ہمیشہ محروم رہیں گے اور 3 فی صد چند سیاسی خاندان اور انکے حواری عوام کے حقوق سے ہولی کھیلتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی بیداری شعور مہم بلآخر عوام کو اذیت ناک صورتحال سے نکال کر ان کے خوشحال مستقبل پر منتج ہو گی مگر اس کیلئے شرط ہے کہ عوام اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنا کردار ادا کریں۔
تبصرہ