منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فیصل آباد کے زیراہتمام 25 جوڑوں کی اجتماعی شادیاں

فیصل آباد (رپورٹ: غلام محمد قادری) فرسودہ رسم و رواج اور غربت میں جکڑے معاشرے میں بیٹی کے ہاتھ پیلے کرنا غریب کے لئے ناممکن ہوتا جارہا ہے۔ ان حالات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں چلنے والی منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیراہتمام 25 اجتماعی شادیوں کی چھٹی سالانہ پروقار تقریب 23 اکتوبر 2011ء منہاج القرآن اسلامک سنٹر گلفشاں کالونی کے سامنے زکریا پارک میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔ تقریب میں نکاح کے فرائض قاری سرفراز احمد سیالوی اور قاری محمد اعظم جبکہ نقابت کے فرائض علامہ محمد عارف صدیقی نے سرانجام دیئے۔

تقریب کی صدارت تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کی جبکہ ڈی سی او فیصل آباد نسیم صادق، ایم پی اے رانا محمد افضل خان، امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم اور مرکزی ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن سید افتخار شاہ بخاری نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر مہمانان گرامی میں ممبر کور کمیٹی علامہ محمد ریاض کھرل، امیر علماء کونسل فیصل آباد علامہ عزیزالحسن حسنی، حاجی محمد امین القادری، اللہ رکھا نعیم، میاں عبدالقادر، میاں کاشف محمود، حاجی محمد رشیدقادری، حاجی محمد عارف بیگ، پیر صدیق الرحمن، حاجی محمد اصغر، صدر یوتھ مدثر فاروق، رانا طاہر سلیم، بشارت علی چسپال، ملک شبیر حسین ایڈووکیٹ، بشیر احمد کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی مذہبی سوشل ویلفیئر اور سماجی بہبود کے نمائندگان بھی شامل تھے۔

باراتوں کی آمد کا سلسلہ 11 بجے شروع ہوا اور دوپہر ایک بجے تک جاری رہا جن کا ڈھول اور فوجی بینڈ سے ان کا استقبال کیا گیا۔ پنڈال کو بڑی خوبصورت رنگ برنگی جھنڈیوں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا اور مرد و خواتین کے لئے علیحدہ علیحدہ دو پنڈال بنائے گئے تھے۔ تمام جوڑوں کی طرف سے دو ہزار سے زائد مہمانوں نے شرکت کی جن کی تواضح پُرتکلف کھانے سے کی گئی۔ حالات کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ قاری محمد امجد ظفر، حافظ رب نواز انجم، پیر محمد ساجد، محمد اختر خان، قاری عمران مصطفوی ، لیاقت علی باروی، حاجی مشتاق احمد، حافظ عبدالرحمن اور ویمن لیگ کی قائدین بھی پنڈال میں استقبالیہ کے لئے موجود تھیں جنہوں نے آنے والے معزز مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔

منہاج القرآن اسلامک سنٹر کے سرپرست اعلیٰ حاجی محمد عنایت قادری شدید علالت کے باعث جب پنڈال میں تشریف لائے تو شرکاء نے کھڑے ہوکر ان کا شاندار استقبال کیا اور چھ سال سے اجتماعی شادیوں کا انعقاد کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

 تقریب سے ڈی سی او نسیم صادق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا خدمت خلق کا جذبہ انسان کی عظمت کا ضامن ہے اسلام ہمیں دکھی انسانیت کی خدمت کی تلقین ہی نہیں کرتا بلکہ حکم دیتا ہے۔ انہوں نے کہا معاشرتی نظام کی بگڑتی ہوئی ابتر صورتحال میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا کام قابل تقلید اورقابل ستائش ہے۔ معاشرے میں بداعتمادی کی فضا نے سوشل ویلفیئر کا کام کرنے والوں کو پریشان کیا ہوا ہے مگر آج کے پروگرام کو دیکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ عوام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے کام سے مطمئن ہے۔

مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کا طرہ امتیاز ہے کہ اس نے معاشرے میں باہمی اخوت اور محبت کے جذبے کو اجاگر کیا اور آج تک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیر قیادت دنیا بھر میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت کررہی ہے۔

ناظم تحریک فیصل آباد انجینئر محمد رفیق نجم نے کہا کہ معاشرے کے اداس چہروں سے بات کرنا اس نے سیکھا ہے جو معاشرے کے چہرے پر رونق لانے کا خواہشمند ہے، دنیا اسے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے نام سے یاد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوڑھے باپ کے اداس چہرے پر خوشیاں بکھیرنے کا عزم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کیے ہوئے ہیں۔

اظہار خیال کے بعد معزز مہمانوں نے دلہا اور دلہنوں کو گفٹ پیش کیے۔ انٹرنیشنل ایمپائر محمد علیم ڈار کی طرف سے ڈاکٹر شاہد ڈار نے ہر دلہن کو 2 ہزار روپے کی سلامی دی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے تقریب میں شریک ہر دلہن کو ایک لاکھ روپے سے زائد مالیت کا گھریلو سامان جن میں قرآن پاک، رحل، جائے نماز، برتنوں والی الماری، ڈبل بیڈ بمعہ گدا، کرسیاں، میز، پیٹی، ڈرمی (آٹے والی)، اٹیچی کیس، سلائی مشین، واشنگ مشین، پنکھا (فرشی)، استری، کلاک، سٹیل کے برتن مکمل سیٹ، ڈنر سیٹ، پلاسٹک کے برتن، عروسی، زنانہ اور مردانہ سوٹ، رضائی ڈبل بیڈ، تکیے، بیڈ شیٹ مکمل، کیس، دریاں، واٹر سیٹ، ٹی کپ، میک اپ سامان اور دیگر ضروریات زندگی کا تمام سامان جبکہ دلہن کو سونے کا کوکا اور دلہا کو گھڑی کا تحفہ دیاگیا۔ تقریب کا اختتام قرآن پاک کے سائے میں 25 دلہنوں کی رخصتی پر ہوا۔

خوشی کی اس تقریب میں لوگوں کی آنکھیں پرنم ہوگئیں۔ یتیم اور بے سہارا دلہنوں اور ان کے لواحقین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی درازی عمر اور صحت کے لیے دعائیں دیں۔ تقریب کی میڈیا کرویج کے لیے ناظم نشرواشاعت TMQ فیصل آباد غلام محمد آباد اور معاون شیخ اعجاز احمد نے انتظام کیے تھے۔ الیکٹرونک میڈیا اور پرنٹ میڈیا نے اس پروگرام کو بھرپور کوریج دی۔ تقریب کی کامیابی میں جن افراد کا کردار نمایاں رہا ان میں حاجی محمد عنایت قادری، حاجی محمد سلیم قادری، پروفیسر عارف صدیقی، حاجی محمدافضل آف کینیڈا، حاجی محمد اشرف قادری، حافظ رب نواز انجم و منہاج القرآن اسلامک سنٹر کا سٹاف شامل تھا۔

اس سے متعلقہ اخباری تراشے ملاحظہ کرنے کے لئے کلک کریں۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top