راجہ عبدالخالق کی والدہ محترمہ کی رسم چہلم کی تقریب
باری تعالیٰ نے جگہ جگہ قرآن مجید میں والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے حتیٰ کہ جنت کو ماں کے قدموں کے نیچے رکھا ہے یہاں تک خود انبیا علیہ السلام والدین کی خدمت کرتے اور امت کو اسکا درس دیتے رہے۔ خوش قسمت ہیں وہ لوگ جن کو والدین کی خدمت کرکے اللہ اور اسکے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو راضی کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے والدین اس جہان فانی سے کوچ کر گئے ہیں وہ ان کے لئے ایصال ثواب کی محفلیں سجایا اور دعائے مغفرت کیا کریں۔ ان خیالات کا اظہار حضرت علامہ محمد نفیس قادری (مرکزی نائب ناظم دعوت تحریک منہاج القرآن) نے یونین کونسل ساہنگ کے گاؤں پکھڑال راجگان میں راجہ عبدالخالق (ناظم تحریک منہاج القرآن یو سی ساہنگ) کی والدہ محترمہ کی رسم چہلم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنی اولاد کی اچھی پرورش کریں ان کو دین سکھائیں اور ان کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ فرمائیں تاکہ امت مسلمہ کا مستقبل عالم کفر کے حملوں سے محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں کے اندر علمی و عملی ماحول کو پروان چڑھایا جائے، حلقات درود شریف اور لائبریریاں قائم کی جائیں۔ علماء کی محبتوں اور نیک لوگوں کی صحبتوں میں اپنے بچوں کو بیٹھائیں تاکہ انکی زندگی پاکیزہ بن سکے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و عملی کاوشوں کا عالم اسلام اور سارا زمانہ معترف ہے۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کسی شخص یا آدمی کا نام نہیں بلکہ ایک نظریہ، سوچ، فکر اور ادرے کا نام ہے۔ پوری دنیا میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سوچ اور فکر کو تسلیم کیا جارہا ہے۔
تقریب میں منہاج القرآن پی پی چار کے راہنماوں چوھدری جاوید اقبال (صدر تحریک منہاج القرآن پی پی چار)، محمود الحق قریشی، راجہ حسن اختر، راجہ خلیل الرحمٰن، صوبیدار میجر شہزاد حسین اور منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تبصرہ