منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی 2011ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت ہر سال کی طرح امسال بھی ملک بھر میں سینکڑوں مقامات پر اجتماعی قربانی کی گئی۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ درجنوں مقامات اور ملک بھر میں 300 مقامات پر اجتماعی قربانی کر کے متاثرین و مستحقین کو عید کی خوشیوں میں شامل کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اے آر وائی نیوز اور ایکسپریس ٹی وی چینل کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے تحت اجتماعی قربانی انڈیا اور بنگلہ دیش میں بھی مقامی سطح پر اور افریقہ کے مختلف ممالک میں بھی اجتماعی قربانی کی گئی ہے۔

مورخہ 7 نومبر 2011 کو مرکزی قربان گاہ لاہور میں عید الاضحیٰ کی نماز کے فوری بعد صبح 9 بجے اجتماعی قربانی کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن اور تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے اپنے ہاتھ سے بکرے، چھترے اور گائے ذبح کر کے قربانی 2011ء کا باقاعدہ آغاز کیا۔ علماء کی نگرانی میں ماہر اور پیشہ ور قصابوں کی مختلف ٹیمیں قربانی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہیں۔ ٹاؤن شپ قربان گاہ میں بکروں، چھتروں اور گائے کی قربانی کے لیے الگ الگ انتظامات کیے گئے ہیں۔

عید کے پہلے روز سینکڑوں جانور قربان کیے گئے۔ تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور رضا کاران نے قربانی کا گوشت مستحق اور متاثرین سیلاب تک پہنچا کر انہیں عید کی خوشیوں میں شامل کیا۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں غرباء و مساکین میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا گیا، رضاکاران نے گھر گھر جا کر مستحقین تک شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی طرف سے عید کا تحفہ پہنچایا۔

علاوہ ازیں پورے ملک میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہزاروں کارکنان کھالیں اکھٹی کرنے میں مصروف عمل رہے۔ لاہور شہر میں مختلف علاقوں میں 700 کیمپ کھالیں اکھٹی کرنے کیلئے لگائے گئے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top