کھوئیرٹہ آزاد کشمیر میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام بیداری شعور ریلی کا انعقاد
کھوئیرٹہ آزاد کشمیر میں مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے زیراہتمام بیداری شعور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ ریلی میں حافظ آفتاب احمد ضیاء، عرفان محمود مغل قادری، حافظ محمد وسیم زیدی، ظفر اقبال غازی، عثمان شوکت، خاقان حیدر، کامران سلطان اور ابرار منہاجین نے شرکت کی۔ انقلاب انقلاب مصطفوی انقلاب کے نعروں نے شہر کے ماحول میں روحانی و وجدانی سماں پیدا کردیا۔
مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انقلاب لیڈر نہیں بلکہ عوام لے کرآتی ہے۔ آج امن پسند اور مصطفوی معاشرے کا قیام تب ہی ممکن ہے جب عوام بیدار ہوکر موجودہ سیاسی نظام کو سمندر برد کردے۔ آج کے موجودہ نفسا نفسی اور مادہ پرستی کے دور میں معاشرے میں امن، اخوت اور رواداری جیسے ماحول کو تقویت دینا ہوگی۔ بیداری شعور کے لیے طلبہ تحریک پاکستان والے کردار کو دہراہیں۔ عوام الناس کے شعور کو بیدار کرنے اور ملک میں مثبت تبدیلی کے لیے طلبہ پر بھاری ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ میدان عمل میں اتر کر موجودہ نظام کے خلاف عوام میں آگہی پیدا کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریوں کو نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ 19 نومبر لاہور میں ہونے والے بیداری شعور طلبہ اجتماع میں ملک میں آنے والی بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا۔
ریلی میں ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام عام عوام الناس تک پہنچانے کے لیے مفت لٹریچر اور سی ڈیز تقسیم کی گئیں۔ بیداری شعور کی ریلی کو کامیاب بنانے کے لیے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ ڈگری کالج کھوئیرٹہ تحریک منہاج القرآن یونٹ منجوال، سیری، دربار، بنڈلی، کھوئی رٹہ، بٹل، چڑی، سید پور، ڈھیری صاحبزادیاں، بھیال، اندرلہ کٹہڑہ کی یونٹس نے اہم کردار ادا کیا۔ ریلی کے اختتام پر قاری وحید احمد نے قوم اور ملک کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی۔
رپورٹ: سہیل احمد زاہدی (سیکرٹری اطلاعات و نشریات MSM کھوئیرٹہ)
تبصرہ