ملک بھر سے ہزاروں طلبہ و طالبات آج مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے بیداری شعور سالانہ طلبہ اجتماع میں شرکت کریں گے
ناصر باغ میں لاہور کی تاریخ کے بڑے طلبہ اجتماع کی تیاریاں
مکمل
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری "پاکستان میں حقیقی تبدیلی کب اور کیسے" کے
موضوع پر تاریخی خطاب کریں گے
طلبہ اور طالبات کیلئے الگ الگ پنڈال بنایا گیا ہے، اجتماع میں شرکت کیلئے بلوچستان
اور سندھ سے ہزاروں طلبہ لاہور پہنچ چکے ہیں
ملک بھر سے ہزاروں طلبہ و طالبات آج مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے بیداری شعور سالانہ طلبہ اجتماع میں شرکت کر کے کرپشن، جان توڑ مہنگائی، عدم انصاف، بے روزگاری اور فرسودہ نظام تعلیم کے حوالے سے مقتدر طبقات سے سوال کریں گے کہ آخر ایسا کب تک ہوتا رہے گا؟ ناصر باغ میں لاہور کی تاریخ کے بڑے طلبہ اجتماع کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں۔ طلبہ اور طالبات کیلئے الگ الگ پنڈال بنائے گئے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری "پاکستان میں حقیقی تبدیلی کب اور کیسے" کے موضوع پر تاریخی خطاب کرکے لاکھوں طلبہ کو تبدیلی کا لائحہ عمل دیں گے۔
بیداری شعور طلبہ اجتماع اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ طلبہ اور نوجوان ملک میں مثبت تبدیلی کیلئے متحرک ہوچکے ہیں۔ طلبہ اجتماع minhaj.tv پر پوری دنیا میں براہ راست دیکھا جائے گا اس طرح ملک اور بیرون ملک کے کروڑوں طلبہ اور نوجوان بھی بالواسطہ طور پر اس تاریخی اجتماع میں شریک ہوں گے۔ اجتماع میں شرکت کیلئے بلوچستان اور سندھ سے ہزاروں طلبہ لاہور پہنچ چکے ہیں۔ ناصر باغ کو خیر مقدمی بینزز سے سجا دیا گیا ہے۔ بیداری شعور طلبہ اجتماع کیلئے خصوصی طور پر 5 فلوٹ بنائے گئے ہیں جو کل صبح سے پورے لاہور میں گھوم رہے ہیں۔
دریں اثنا مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ تجمل حسین نے ناصر باغ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج (ہفتہ) ہونیوالا طلبہ اجتماع ملک میں مثبت اور پائیدار تبدیلی کی بنیاد ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں کی اکثریت ملک بچانے کیلئے جاگ اٹھی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی قیادت میں طلبہ اور نوجوان اس وطن کیلئے ہر طرح کی قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔ اب کرپٹ اور استحصالی طبقات اور ظالمانہ انتخابی نظام دونوں کو رخت سفر باندھنا ہوگا۔
تبصرہ