ناصر باغ میں کامیاب طلبہ اجتماع پر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے قائدین کو ڈاکٹر طاہر القادری کی مبارکباد

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے طلبہ و طالبات میرا فخر ہیں۔ ناصر باغ لاہور میں کامیاب طلبہ اجتماع پر انہیں خصوصی مبارکباد دیتا ہوں۔ پاکستان کا مستقبل طلبہ اور نوجوانوں سے وابستہ ہے اس لئے وہ کرپٹ انتخابی نظام کے خلاف شعوری بیداری کیلئے میدان میں نکل آئیں کیونکہ انقلاب پاکستان کے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔ ظالمانہ انتخابی نظام کے قفل کو طلبہ اور نوجوان مل کر توڑ دیں اگر طلبہ اور نوجوان تبدیلی کیلئے کھڑے ہو جائیں تو دنیا کی کوئی طاقت انقلاب کا راستہ نہیں روک سکتی۔ وہ تکمیل پاکستان کیلئے جدوجہد کے شعور کو گھر گھر پہنچا دیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکز ی صدر تجمل حسین اور شعبہ طالبات کی صدر شاکرہ چوہدری سے علیحدہ علیحدہ کینیڈا سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ استحصالی انتخابی نظام کے محافظ تنکوں کی طرح بہ جائیں گے۔ طلباء اور نوجوان اس ملک کی امید ہیں انہیں تحریک پاکستان والا کردار دہرانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان اپنی قوم کو تلاش کر رہا ہے، گروہوں میں بٹی عوام کو قوم بنانے کیلئے طلبہ اور نوجوانوں کو دن رات ایک کرنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top