نیٹو حملہ پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر براہ راست حملہ ہے، شدید مذمت کرتے ہیں: ارشاد طاہر
لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں متفقہ طور پر نیٹو کے سفاکانہ اقدام کے خلاف قرارداد مذمت منظور
تحریک منہاج القرآن لاہور کے امیر ارشاد احمد طاہر نے نیٹو حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر براہ راست حملہ قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوراً اس معاملے کو اقوام متحدہ کے فورم پر اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے خارجہ پالیسی کو بدلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کے دوران کیا، اس موقع پر متفقہ طور پر نیٹو کے سفاکانہ اقدام کے خلاف قرارداد مذمت منظور کی گئی۔ اجلاس میں نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی جبکہ حفیظ اللہ جاوید، ثناء اللہ اور دیگر ضلعی قائدین بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ارشاد طاہر نے کہا کہ نیٹو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بالائے طاق رکھ کر اس کی سالمیت پر حملہ آور ہے جو نا قابل برداشت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت خارجہ تعلقات برابری کی سطح پر استوار کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اس غیر ذمہ درانہ اور بزدلانہ کارروائی پر سراپا احتجاج ہیں حکومت عوامی جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے عالمی اداروں اور مؤثر ممالک کو شدید احتجاج نوٹ کروائے تا کہ آئندہ ایسی کارروائیوں کی کسی کوجرات نہ ہوسکے۔
نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ بڑے فیصلے کئے جائیں۔ خودمختاری پر حملے جرآت مندانہ خارجہ پالیسی سے ہی روکے جاسکتے ہیں۔ پاک فوج ملک کی حفاظت کی ذمہ دار ہے اور اس حوالے سے ٹھوس موقف خوش آئند ہے، ایسے فیصلے ہی ملکی سلامتی کو محفوظ رکھ سکتا ہے۔
تبصرہ