اجلاس صوبائی مجلس عاملہ تحریک منہاج القرآن

تحریک منہاج القرآن پنجاب کی ایگزیکٹو کونسل کا ماہانہ اجلاس مورخہ 20 نومبر 2011ء بروز اتوار بوقت صبح 10:00 بجے امیر پنجاب کی زیرصدارت مرکز پر منعقد ہوا۔ اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور حضور سرور کائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور ہدیہ عقیدت سے ہوا۔ اجلاس میں تشریف لانے والے جملہ معزز عہدیداران کو خوش آمدید کہا گیا اور سب کو بیداری شعور طلبہ اجتماع کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد پیش کی گئی، اس کے بعد باقاعدہ ایجنڈہ پر گفتگو کا آغاز کیا گیا۔ سب سے پہلے سابقہ اجلاس میں کئے گئے فیصلہ جات اور ان پر عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا صوبائی عہدیداران نے اپنی زیرنگرانی علاقہ جات میں ہونے والے تربیتی کیمپس کی رپورٹ پیش کی جس کے مطابق بعض تحصیلات میں تربیتی کیمپس کا انعقاد ہوچکا ہے جبکہ باقی رہ جانے والی تحصیلات میں ان شاءاللہ دسمبر تک تربیتی کیمپس کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔

چرمہائے قربانی مہم کے حوالے سے مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس کے مطابق صوبہ پنجاب کی تنظیمات نے مجموعی طور پر ٹوٹل ہد ف کا 82 فیصد حاصل کرلیا ہے جس پر تمام تحصیلی تنظیمات کومبارکباد پیش کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ تمام صوبائی عہدیداران اپنی زیرنگرانی تحصیلات سے 11 دسمبر تک مرکز کا حصہ 25 فیصد جمع کروانے کیلئے عملی اقدامات کریں گے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ ہر مہم کے آغاز پر ہی فیصلہ کرلیا جائے گا کہ مہم کے اختتام پر کم از کم اتنے دنوں تک اپنی زیرنگرانی تحصیلات کی کارکردگی رپوٹ جمع کروانی لازمی ہوگی۔

اجلاس میں 4 ماہ (جولائی تا اکتوبر 2011) کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور تفصیلی رپورٹ ہاؤس کے سامنے رکھی گئی۔ بھرپور ڈسکشن کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ یونٹ تنظیم سازی اور وابستگان سازی پر محنت کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

بیداری شعور تربیتی کیمپس کے حوالے سے یہ رائے بھی آئی کہ ناصر باغ میں ہونے والے شیخ الاسلام کے خطاب کو آئندہ بیداری شعور تربیتی کیمپس میں استعمال کیا جائے تا کہ تمام لوگ اس خطاب سے استفادہ کرسکیں۔ ایگزیکٹو کونسل کا آئندہ اجلاس مورخہ11 دسمبر 2011ء کو انعقاد پذیر ہوگا۔

دعائے خیر پر اجلاس کا اختتام ہوا۔

رپورٹ: سید توقیر الحسن گیلانی (ناظم TMQ پنجاب)

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top