حضرت امام حسین کے عمل سے صبر و رضا، استقامت اور قربانی کے عظیم رویوں نے جنم لیا: ڈاکٹر محمد طاہرالقادری

حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم سے سمجھوتہ نہ کرنے کا عظیم درس دیا
غم حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے ایمان کا حصہ ہے
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غم حسین علیہ السلام امت مسلمہ کے ایمان کا حصہ ہے اسے کسی ایک مسلک کیلئے مختص کرنا درست نہیں ہے۔ حضرت امام حسین امن سلامتی اور محبت کے رجل عظیم ہیں جبکہ یزید بدی، دہشت گردی، ظلم اور استحصال کا نمائندہ تھا۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے ظلم سے سمجھوتہ نہ کرنے کا عظیم درس دیا، کربلا کے میدان سے حسینیت اور یزیدیت کے مثبت اورمنفی دو نظریات کا اجراء ہوا اور قیامت تک یزیدی فکر کے نمائندے شکست سے دو چار ہوتے رہیں گے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام نے یزید کی بیعت سے انکار کرکے قیامت تک کی انسانیت کو پیغام دیا کہ اصولوں پر قربان ہوجانے والا ابد تک زندہ رہتا ہے اور وقت کا آمر بظاہر جیت کر بھی ہار جاتا اور قیامت تک لعنت اسکا مقدر بنادی جاتی ہے۔

ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ یزیدنے اسلام کی تعلیمات کو مسخ کرنے کی کوشش کی جو امام حسین علیہ السلام کو گوارہ نہ ہوا اور انہوں نے اپنے خاندان کی قربانی دے کر اسلام کو ہمیشہ کیلئے زندہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کے عمل سے صبر و رضا، استقامت اور قربانی کے عظیم رویوں نے جنم لیا اور آج ساری انسانیت ان مثبت رویوں سے فیضیاب ہورہی ہے۔ حضرت امام حسین علیہ السلام آج غیر مسلموں کیلئے بھی اتنے ہی معزز ہیں جتنے مسلمانوں کیلئے، ایسا اس لیے ہے کہ انہوں نے اپنے عمل سے انسانیت کا سر فخر سے بلند کردیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top