منہاج القرآن کلچرل سنٹر کارپی (اٹلی) میں عظیم الشان شہداء کربلا کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل کلچرل سنٹر کارپی (اٹلی) میں مورخہ 03 دسمبر 2011ء کو بعد نماز عشاء عظیم الشان شہدائے کربلا کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ خواتین کے لئے الگ پردے کا اہتمام کیا گیا تھا۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت احمد علی نے حاصل کی اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں حاجی محمد طارق نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پھر منقبت پیش کرنے کے لئے خالد حسین پردیسی کو دعوت دی گئی جو میلان سے اسپیشل کانفرنس کے لئے تشریف لائے تھے۔ انھوں نے اپنے مخصوص انداز میں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی بارگاہ میں منقبت پیش کی جس سے کانفرنس میں موجود ہر آنکھ پرنم ہو گئی۔اس کے بعد حاجی افضال احمد سیال، حاجی اعجاز احمدنے بھی شہدائے کربلاکے حضور منقبت پیش کی۔

فلسفہ کربلا کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید غلام مصطفی مشہدی نے تاریخ اور احادیث کی روشنی میں واقعہ کربلا کی تفصیلات بیان کیں انھوں نے کہا کہ جنہوں نے خانوادہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو شہید کیا وہ لوگ مرتد اور کافر ہیں ان کااسلام کے ساتھ کوئی تعلق نہیں وہ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دشمن ہیں، یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے مسجد نبوی میں گھوڑے باندھے تھے حالانکہ وہ جانتے تھے کہ یہی وہ حسین رضی اللہ عنہ ہیں جن کو آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اپنے کاندھوں پر سواری کراتے تھے اور یہی وہ ذات ہے جس کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم فرماتے تھے میرا حسن اور حسین جنتی نوجوانوں کے سردار ہیں۔ پروگرام کے اختتام پر امت مسلمہ کے لئے دعائے خیر کی گی اور لنگر حسینی تقسیم کیاگیا۔

رپورٹ: سجن شاہ

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top