منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کانفرنس

منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام مورخہ 04 دسمبر 2011ء بروز ہفتہ المصطفی اسلامک سنٹر لمرک میں’’ شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ ‘‘ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں اہل بیت اطہار کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیاگیا۔کانفرنس میں آئرلینڈ کے مختلف شہروں سے پاکستانی کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

محفل کے آغاز میں امام عالی مقام اور خانوادہ اہل بیت کے ایصا ل ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی۔ محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت اسد قدیر نے حاصل کی جبکہ آقاء دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگا ہ میں فرخ وسیم بٹ نے گلہائے عقید ت پیش کئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے متحرک کارکن فیاض احمد نے شہادت امام حسین رضی اللہ عنہ کے موضوع پر واقعات وحالات کی روشنی میں نہایت مدلل خطاب کیا اور شرکاء کی توجہ اس طرف مبذول کرائی کہ حسینیت کسی رسم و رواج کی تقلید کا نام نہیں بلکہ حسینیت توایک جذبہ عمل اور قوت محرکہ کا نام ہے جو باطل کے طوفانوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر رواں دواں رہتی ہے اس قوت کے سامنے ہر قوت ہیچ ہے۔

امام حسین رضی اللہ عنہ کا مقصد غلبہ دین حق اور شہادت عظمیٰ کے سوا اور کچھ نہ تھا ان کے پیش نظر اقتدار کاحصول یاسلطنت پر قبضہ نہ تھا۔ فیاض احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بدبخت، فاسق وفاجر یزید کو رضی اللہ کہنے والے اپنے ناپاک ذہنوں سے بے علمی کی گرد کو صاف کریں اور اپنی دنیا وآخرت کو برباد ہونے سے بچائیں۔یہ بے خبر لوگ معرکہ کربلا کودو شہزادوں کی جنگ قرار دے کر یزید کو امام حسین رضی اللہ عنہ کے برابر لانے کی سعی میں مبتلا ہیں مگر شاید وہ یہ بھول چکے ہیں کہ امام حسین رضی اللہ عنہ کا نام قیامت تک کے لئے امر ہو گیا ہے جبکہ یزیدلعین قیامت تک کے لئے لعنتوں کا حق دار ٹھہراہے۔

محفل کے اختتام پر تما م حاضرین نے کھڑے ہوکر آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود وسلام کا نذرانہ پیش کیا۔ محفل میں محمد بدر ڈوگر، شاہد جمیل، معیز رحمان، عظیم احمد اور مدثر آغا نے خصوصی شرکت کی۔رقت آمیز دعائے خیر کے بعد ایسٹ اینڈ فوڈ سٹور کے مالک میاں عبدالعزیز اور کشمیرکباب ہاؤس کے مالک ساجد جاوید کی طرف سے شرکائے محفل کو پرتکلف کھانا پیش کیا گیا۔

رپورٹ: فرخ وسیم بٹ

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top