موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والے انتخابات کی رسم سے ملک میں کبھی تبدیلی نہیں آئیگی: رحیق احمد عباسی
موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہونے والا الیکشن ملک کو تباہی کے گڑھے
کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے
18 دسمبر کو لیاقت باغ کا جلسہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف عوامی شعور کی بیداری کا
آغاز ہوگا
تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے انتخابی نظام کی تبدیلی ناگزیر ہے۔ قوم جان لے کہ تبدیلی کی باتیں کرنے والے موجودہ انتخابی نظام کے محافظ ہیں اور غریب کش نظام انتخاب ان کا محافظ، اس لئے اس نظام کے تحت ہونے والے انتخابات کی رسم سے کبھی تبدیلی نہیں آئیگی۔ موجودہ انتخابی نظام کے تحت تبدیلی کا نعرہ لے کر کوچہ سیاست میں آنے والے خود بھی مایوس ہوں گے اور قوم کو بھی مایوس کریں گے۔ حقیقی تبدیلی انتخابی نظام کے خلاف کھلی بغاوت سے ممکن ہوگی۔ قوم موجودہ نظام کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے تاکہ مسائل کی جڑ سے چھٹکارہ پایا جاسکے۔ تحریک منہاج القرآن کے تحت 18 دسمبر کو لیاقت باغ میں ہونے والی بیداری شعور عوامی ریلی موجودہ انتخابی نظام کے خلاف ایک مؤثر آغاز ہوگا جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خصوصی خطاب کریں گے۔ وہ تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک کی ضلعی ایگزیکٹو کے اجلاس سے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر امیر پنجاب احمد نواز انجم، جی ایم ملک، ابرار رضا ایڈووکیٹ، انوار اختر ایڈووکیٹ اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی جدوجہد ملک میں حقیقی تبدیلی کے لئے ہے۔ ہم انتخابات کا حصہ نہیں بن رہے مگر ہماری اصولی سیاست جاری رہے گی اور ہم نظام کی تبدیلی تک چین سے نہیں بیٹھے گے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ کا جلسہ موجودہ انتخابی نظام کے خلاف عوامی شعور کی بیداری کا آغاز ہوگا۔ انتخابی نظام کی تبدیلی کے لیے یک نکاتی ایجنڈے پر کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد ہوسکتا ہے، ہمارے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت ہو نے والا الیکشن ملک کو تباہی کے گڑھے کی طرف دھکیلنے کے مترادف ہے۔ موجودہ نظام کے تحت الیکشن میں جانے والی جماعتوں کے ذاتی اور پارٹی مفادات ہیں اس لئے عوام ان کے ہاتھوں کھلونا بننے کی بجائے تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم کا حصہ بنیں اور ملک میں حقیقی تبدیلی کی راہ ہموار کریں۔
تبصرہ