حکومت گیس اور بجلی کے نرخوں میں مزید اضافہ کی بجائے کمی کیلئے اقدامات کرے۔ فیض الرحمان درانی

روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والے غریبوں کو زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم کر رہے ہیں

پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر فیض الرحمن درانی نے بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے حکومتی اعلانات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان تو پہلے ہی موجود ہے اس پر گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافہ عوام دشمنی اور سراسر ظلم کے مترادف ہے۔ حکومت بجلی کے نرخ جو پہلے ہی ناقابل برداشت ہیں، میں فیول ٹیکس کی مد میں مزید اضافہ کرنے کی بجائے کمی کیلئے فوری اقدامات کر ے۔ پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتوں میں تسلسل کے ساتھ اضافہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چوہدری افضل گجر کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد سے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرتے ہوئے کیا جبکہ لہراسب خان گوندل، ایم ایچ شاہین اور جواد حامد بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت غربت ہمارے ملک کا سب سے بڑا اور بنیادی مسئلہ ہے۔ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک اس کی عوام خوشحال نہ ہو۔ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگا کر حکومت میں آنیوالے غریبوں کو زندگی کی بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے ماضی کے تمام ریکارد توڑ دئیے ہیں۔ ہر دس دن بعد بجلی، پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ غریب پر قیامت بن کر ٹوٹتا ہے۔ فیض الرحمن درانی نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن، دہشت گردی اور عدم تحفظ کے شدید ترین احساس نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن کر رکھی تھی مگر اس شدید سردی میں بجلی اور گیس کی طویل لوڈ شیڈنگ نے تو عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ عوامی حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کرے ورنہ انہیں عوامی عدالت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top