'میر کا رواں اک مثال جاوداں' سیمینار کراچی

24 دسمبر بروز ہفتہ "میرکارواں اک مثال جاوداں" کے عنوان سے مصطفویٰ سٹوڈنٹس موومنٹ کراچی کے زیراہتمام طلبہ کی ذہن سازی اور انہیں قائد کے فرمودات سے روشناس کرانے کیلئے دوسرا سالانہ سیمینار نیشنل میوزیم کراچی میں منعقد ہوا۔ سیمینار کی صدارت ڈاکٹر خواجہ محمد اشرف سرپرست تحریک منہاج القرآن سندھ نے کی جبکہ مہمان خصوصی حافظ تجمل حسین انقلابی مرکزی صدر MSM پا کستان تھے۔ اس کے علاوہ مہمانان گرامی میں میر نواز خان مروت سابق وفاقی وزیر، عبدالمعروف سابق اے آئی جی لیگل جیل خانہ جات، علامہ ارشاد حسین سعیدی پر نسپل جامعہ منہاج القرآن کراچی، ملک آفتاب احمد سینئر نائب صدر MSM پاکستان، سید محمد ظفر اقبال امیر تحریک منہاج القرآن کراچی اور وسیم اختر صدر MSM کراچی شامل تھے۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز بعد از نماز مغرب تلاوت کلام پا ک سے ہوا، تلاوت کلام پاک کی سعادت حافظ عطاءاللہ نے حاصل کی اور ہدیہ نعت کی سعادت مدثر اور محمد فیضان نے حاصل کی۔ استقبالیہ غلام مصطفی جنرل سیکرٹری MSM کراچی کی طرف سے پیش کیا گیا۔ انہوں نے قائداعظم کے فرمودات کو طلبہ کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہو ئے کہا کہ جس طرح قائداعظم نے ہندوستان کے مسلمانوں کو متحد کر کے علامہ اقبال کے خواب کی تعبیر کی تھی اسی طرح شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پھر سے انتشار کا شکار ہونے والی قوم کو متحد کرکے سوئے منزل لے کر جارہے ہیں۔

میر نواز خان مروت سابق وفاقی وزیر نے قائداعظم کی شخصیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم کا تصور پاکستان اسلام کے عدل و انصاف پر مبنی تعلیمات کا حامل ہے، جس کی منزل ایک ترقی یافتہ اسلامی نظام ریاست ہے جبکہ بطور حکمراں قائداعظم کا اول ماڈل حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات تھی جس کا اظہار وہ مختلف اوقات میں کرتے رہے۔

علامہ ارشاد حسین سعیدی پرنسپل جامعہ منہاج القرآن کراچی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو قائداعظم کے فرمودات پر عمل کرتے ہوئے شیخ الاسلام کی قیادت میں مملکت خداداد کی تکمیل کرنا ہوگی۔ ہمیں ان نظریات کو اپنانا ہوگا جن کا تصور بانیان پاکستان نے پیش کیا تھا اور مختلف اکائیوں میں تقسیم ہونے کی بجائے ایک قوم بننا ہوگا۔

عبدالمعروف سابق اے آئی جی لیگل جیل خانہ جات نے طلبہ سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان جس ابتلاء کے دور سے گزر رہا ہے، یہ کسی جرم کی پاداش دکھائی دیتی ہے۔ یقینا ہم سے بانیان پاکستان سے بے وفائی کا ارتکاب ہوا ہے ہمیں ماضی کی وفاداریوں کی طرف پھر لوٹنا ہوگا۔ قائد اعظم کی فکر اور نظریہ پاکستان اسلامی اصولو ں کے تا بع تھا، آج ہمیں پھر سے خلوص نیت اور استقامت عمل کے ساتھ انہی تصورات کو اختیار کرنا ہوگا۔

MSM کے مرکزی صدر حافظ تجمل حسین انقلابی نے کہا کہ قائداعظم کی شخصیت نے پاکستان کے خواب کو عملی تعبیر دی، ان کی ذات علم، عمل، کردار اور ایمان کا مجموعہ تھی۔ ان کی قیادت میں سرزمین ہند کے مسلمانوں نے مصائب و مشکلات کا سینہ چیرتے ہوئے ہند کی دھرتی پر مملکت پاکستان کی شکل میں ایک تاریخ رقم کی۔ طلبہ نے جو کردار قیام پاکستان میں ادا کیا تھا آج پھر سے اسے دھرانے کی ضرورت ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ فرو غ عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، اتحاد امت، طلبہ کے حقوق اور طلبہ تنظیموں میں ہم آہنگی کے فروغ کیلئے سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کراچی کی علمی اور عملی کوششوں کو سہراتے ہوئے خراج تحسین بھی پیش کیا۔

سیمینار کے آخر میں وسیم اختر صدر MSM کراچی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسی ہی قد آور شخصیات طلبہ کے اذہان کو نور علم سے منور کرتی رہیں تو وہ وقت دور نہیں جب یہ قوم عروج کی بلندیوں کو چھونے لگے گی۔

سیمینار میں ملی نغمے اور موجودہ نظام تعلیم کے تناظر میں خصوصی تھیٹر "شناخت" پیش کیا گیا جس سے طلبہ بہت محظوظ ہوئے اور آخر میں MSM کا ترانہ "دم بدم ہمقدم رواں دواں ہے قافلہ" بھی پیش کیا گیا۔ پروگرام میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شر کت کی۔

رپورٹ: احمد حسان (سیکرٹری انفارمیشن کراچی)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top