ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے حکومت نے عوام کو سال نو کی آمد کا ایک اور’’تحفہ‘‘ دیا: شیخ زاہد فیاض

تھر منصوبہ فنڈز کی عدم دستیابی کا شکار ہے، حکومت ملکی مفاد کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دے رہی
چھوٹے ڈیمز بنانے کے منصوبوں پر عمل کیا ہوتا تو مہنگائی کا جن قابو کیا جاسکتا تھا
شیخ زاہد فیاض کی منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام نئے سال کی آ مد کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں گفتگو

گیس، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے حکومت نے عوام کو سال نو کی آمد کا ایک اور’’تحفہ‘‘ دے دیا ہے۔ اس سال کتنے معصوم لوگ زندہ درگور ہوں گے، غربت، تنگدستی، بھوک اور مایوسی مزید کتنے لاکھ گھروں کو لپیٹ میں لے گی اس کا اندازہ حکومت کے حالیہ اقدمات سے لگایا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں نئے سال کی آمد کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان ارباب اختیار سے سوال کرتا ہے کیا عوام نے مقتدر طبقے کو کرپشن، لوٹ ماراور اقرباء پروری کیلئے منتخب کیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ تھر منصوبہ جو بڑے زوروشور سے شروع کیا گیا تھا فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے التوا کا شکار ہے جسے دیکھ کر یوں لگتا ہے کہ حکومت ملکی مفاد کے کسی منصوبے کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچنے دے رہی۔

انہوں نے کہا کہ چاہیے تو یہ تھا کہ وزیر اعظم اور وزراء اپنے صوابدیدی فنڈز منجمد کر کے، سیاسی بنیادوں پر معاف کئے گئے قرضوں کو وصول کر کے ملکی مفاد کے منصوبوں پر لگاتے، مگر حیف ایسا نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فاش غلطیوں کے بھیانک نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ حکومت نے توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے چھوٹے ڈیمز بنانے کے منصوبوں پر عمل کیا ہوتا تو توانائی کے بحران سے نبٹنے کے ساتھ ساتھ مہنگائی کاجن بھی قابو کیا جاسکتا تھا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top