گوشہ درود کا روحانی اجتماع (جنوری 2012ء)

تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام گوشہ درود کی ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا روحانی اجتماع 5 جنوری 2012ء کو مرکزی سیکرٹریٹ میں صفہ ہال (گوشہ درود) میں منعقد ہوا۔ سال نو کے اس پہلے روحانی اجتماع میں سجادہ نشین آستانہ عالیہ اوچ شریف مخدوم نفیس الحسن گیلانی مہمان خصوصی تھے۔ تحریک منہاج القرآن کے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، ناظم اجتماعات جواد حامد، عاقل ملک، راجہ جمیل اجمل، علامہ فرحت حسین شاہ، گوشہ درود کے خدام حاجی محمد سلیم قادری اور حاجی محمد ریاض کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے دیگر قائدین بھی اسٹیج پر موجود تھے۔ علاوہ ازیں خواتین بھی کثیر تعداد میں موجود تھیں، جن کے لیے پنڈال کا الگ حصہ مختص کیا گیا تھا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 9 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا۔ جس کے بعد نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا۔ منہاج نعت کونسل، شہزاد برادران، محمد سرور نقشبندی منہاجین اور حیدری برادران نے آقا علیہ السلام کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کیے۔

پروگرام میں شیخ الاسلام کے خطاب سے پہلے منہاج القرآن ویمن لیگ کے 24 ویں یوم تاسیس کے حوالے سے خصوصی ترانہ کی ویڈیو پیش کی گئی، جس میں منہاج القرآن ویمن لیگ کی سرگرمیوں کی جھلکیاں شامل تھیں۔ پروگرام کے کمپیئر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے منہاج القرآن ویمن لیگ کے یوم تاسیس کی مناسبت سے ویمن لیگ کی مرکزی صدر ڈاکٹر نوشابہ اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

اس کے علاوہ سال 2011ء میں تحریک منہاج القرآن کے ملک بھر میں مرکزی سطح پر ہونے والے مختلف اجتماعات کی جھلکیاں بھی دکھائیں گئیں۔

گوشہ درود کے اس پروگرام میں شیخ الاسلام نے غیر رسمی گفتگو کی، جس میں انہوں نے فروری میں مینار پاکستان پر ہونے والی عالمی میلاد کانفرنس کے حوالے سے گفتگو کی۔ امسال شدید سردی کی وجہ میلاد کانفرنس کے پروگرام کو رات یا دن میں منعقد کرنے کے حوالے سے آپ نے حاضرین شرکاء سے مشاورت بھی کی۔ شرکاء کی مشاورت کے بعد آپ نے بتایا کہ عالمی میلاد کانفرنس کے دن یا رات میں انعقاد کا باقاعدہ فیصلہ تحریک منہاج القرآن کی مجلس شوریٰ میں کیا جائےگا۔

اس کے علاوہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مرکزی قائدین کو خصوصی ہدایت کی کہ سال 2012ء کو "سال میلاد" کے طور پر منایا جائے۔ جس میں کم از کم دو ماہ تک ربیع الاول اور ربیع الثانی میں میلاد کی سرگرمیاں، پروگرامز، ریلیاں، چراغاں اور خصوصی تیاریاں شامل ہوں۔ آپ نے کہا کہ اس وقت ملک میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی سمیت جتنے عذاب ہیں، سب حکمرانوں کی کارکردگی کا نتیجہ ہیں، تحریک منہاج القرآن آقا علیہ السلام کے میلاد مبارک کے ذریعے ملک میں آنےوالے عذاب سے نجات کی دعا کرے گی۔

پروگرام کے اختتام پر محفل ذکر منعقد ہوئی، جس کے بعد علامہ فرحت حسین شاہ نے اختتامی دعا کرائی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ ماہ دسمبر 2011ء میں گوشہ درود کے پڑھےجانے والے درود پاک کی تعداد 90 کروڑ سے زائد ہے۔

دعا کے بعد شب ساڑھے 11 بجے پروگرام کا باقاعدہ اختتام ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top