منہاج القرآن ویمن لیگ حویلی لکھا کے زیراہتمام سالانہ محفل میلاد مصطفیٰ (ص)

مورخہ 29 جنوری 2012ء بروز اتوار منہاج القرآن ویمن لیگ حویلی لکھا کے زیراہتمام عظم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کیا گیا جس میں مرکز سے محترمہ گلشن ارشاد (ناظمہ تربیت) اور محترمہ نبیلہ یوسف (مرکزی نمائندہ منہاج القرآن ویمن لیگ) نے خصوصی شرکت کی۔ محفل میں شہر بھر سے کم وبیش 2000 خواتین نے شرکت کی۔ اہل علاقہ کی مؤثر خواتین تک بھرپور دعوت دی گئی جس کے نتیجے میں لیکچرز، ٹیچرز، سوشل ورکرز اور دیگرطبقہ ہائے زندگی سے مؤثر خواتین نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ میں اجتماعی درود پاک پیش کیا گیا۔ منہاج نعت کونسل اور ثنا خوان مصطفی محترمہ سدرہ انوار نے خوبصورت انداز میں نعت خوانی کی۔  نقابت کے فرائض محترمہ ثریا منظور قادری نے سرانجام دئیے۔

محترمہ گلشن ارشاد نے "آؤ ! کہ سب حضور سے عہدِ وفا کریں" کے موضوع پر پُراثر اور مدلل انداز میں خطاب کیا۔ انہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور اُس کے تقاضے بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت ایمان کی کاملیت کے لئے لازم وملزوم ہے اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وفا یعنی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی اشاعت، فروغ اور غلبہ کے لئے عملی کاوشیں کرنا اس محبت کے تقاضوں میں سے ہیں۔ انہوں نے کہا آج وقت کی ضرورت ہے کہ امتِ مسلمہ کی مائیں، بہنیں اور بیٹیاں سیدہ حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا، سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہرارضی اللہ عنہا، سیدہ حضرت خنساء رضی اللہ عنہا، سیدہ سمیعہ رضی اللہ عنہا اور سیدہ زینب رضی اللہ عنہا کے کردار کی امین بنیں اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی مدد ونصرت کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ محفل کا اختتام محترمہ گلشن ارشاد کی دعا پر ہوا۔

رپورٹ: نبیلہ یوسف

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top