منہاج القرآن ویمن لیگ کنجاہ کے زیراہتمام محفلِ میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

منہاج القرآن ویمن لیگ کنجاہ کے زیرِاہتمام عظیم الشان میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام 29 جنوری 2012ء بروز اتوار کو کیا گیا جس میں مرکز سے محترمہ شاکرہ چوہدری (ناظمہ MSM سسٹرز) نے خصوصی شرکت کی جبکہ کنجاہ کی دورونزدیک سے تقریبا 700 خواتین اور طالبات نے شرکت کی۔ اس محفلِ میلاد میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی اور کنجاہ کی محترمہ ثمینہ (ایم این اے )، منہاج ماڈل سکول کی ٹیچرز اور پرنسپل نے بھی شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز ربِ رحمن کے نام سے ہوا۔ منہاج نعت کونسل MCW اور قادری گروپ نے بڑے خوبصورت انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں مداح سرائی کی اور عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔ محفل میں نقابت کے فرائض محترمہ رحیمہ احسن (ناظمہ نشرواشاعت) اور محترمہ روما عزیز (ناظمہ دعوت) نے سرانجام دئیے۔

محترمہ شاکرہ چوہدری نے "آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہدِ وفا کریں!" کے موضوع پر پُراثر انداز میں پر علمی خطاب کیا۔ انہوں نے عشقِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اتباع مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر آج ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عجب تر ایمان کا حامل اور حق دار ہونے کا دعوٰی کرتے ہیں تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اسی وفا کا تقاضا کرتی ہے جو تاریخِ اسلام میں حضرت سمیعہ رضی اللہ عنہا، حضرت خنساء رضی اللہ عنہا، حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا اور حضرت زینب رضی اللہ عنہا نے کی۔ ان عظیم دخترانِ اسلام کی زندگیاں ہمارے لئے عملی نمونہ ہے اور آج کے دور میں وفا کا تقاضا یہ ہے کہ ہم نہ صرف اپنی زندگیاں اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق گزاریں بلکہ اصلاح معاشرہ میں عملی طور پر اپنی خدمات سرانجام دیں۔

محفل کا اختتام محترمہ شاکرہ چوہدری کی دعا پر ہوا۔

رپورٹ: نبیلہ یوسف

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top