عالمی میلاد کانفرنس کل شب (4 فروری بروز ہفتہ) مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی
انتظامات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر
القادری ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے
جامعۃ الازہر مصر کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسامہ محمد العبد مہمان خصوصی ہونگے
کشمیر سمیت پانچوں صوبوں کے سو سے زائد اضلاع سے لاکھوں عشاق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ
وسلم شرکت کریں گے
تحریک منہاج القرآن کی 28 ویں سالانہ عالمی میلاد کانفرنس کل مینار پاکستان کے سبزہ زار میں ہو گی۔ انتظامات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے۔ سعودی عرب، انڈیا، کویت، بحرین، UAE, UK، ہالینڈ، فرانس، سپین، امریکہ، جاپان اور مصر سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے وفود کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جبکہ کشمیر سمیت پانچوں صوبوں کے سو سے زائد اضلاع سے لاکھوں عشاق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم شب ربیع الاول آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانے اور انکی ذات مقدسہ سے عہد وفا کیلئے جمع ہونگے۔
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کریں گے۔ جامعۃ الازہر مصر کے وائس چانسلر ڈاکٹر اسامہ محمد العبد مہمان خصوصی ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار عالمی میلاد کانفرنس کی مرکزی کمیٹی کے سیکرٹری محمد جواد حامد نے تیاریوں کے حوالے سے بلائے گئے آخری اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میلاد کانفرنس میں دیگر مذاہب کے رہنماؤں، تمام مسالک کے علماء، مشائخ عظام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی۔
مینار پاکستان میں ہونے والی یہ عظیم الشان کانفرنس 12 ربیع الاول کی صبح نماز فجر تک جاری رہے گی اور لاکھوں مرد، خواتین اور بچے شدید سردی میں کھلے آسمان تلے کانفرنس میں شریک رہ کر دنیا کو پیغام دیں گے کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت اور عشق انکی سب سے بڑی متاع ہے۔
تبصرہ