فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اعزاز میں تقریب

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کے مطابق مؤرخہ 31 جنوری 2012ء کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (FMRi) کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں مرکزی سیکرٹریٹ کے تمام اسٹاف اور قائدین نے شرکت کی۔ اِس تقریب کے انعقاد کا مقصد FMRi کی علمی و تحقیقی خدمات کو اجاگر کرنا اور اسے خراج تحسین پیش کرنا تھا۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اﷲ علیہ و آلہ و سلم سے ہوا جس کی سعادت صاحبزادہ افتخار الحسن نے حاصل کی۔ استقبالیہ گفتگو ناظم عرفان القرآن کورسز محمد شریف کمالوی نے کی۔ بعد ازاں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اسٹیج پر تشریف لاکر FMRi کی خدمات بیان کرتے ہوئے کہا کہ FMRi کا اسٹاف تن دہی اور جاں فشانی سے تحریک کی فکری آب یاری میں مصروف ہے۔ صفہ بلاک میں واقع فرید ملت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا اسٹاف صحیح معنوں میں اصحاب صفہ کی سنت پر عمل پیرا ہے اور بغیر کسی جاہ و طلب اور نمود و نمائش کے دین اور مشن کی خدمت کررہا ہے۔ انہوں نے FMRi کے تمام اسٹاف بالخصوص اسکالرز کو مبارکباد دی۔ پھر انہوں نے نمایاں کارکردگی کے حامل درج ذیل اسکالرز کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی جانب سے خصوصی انعام اور اسناد حسن کارکردگی دیے جانے کا اعلان کیا:

  • محمد فاروق رانا (ڈپٹی ڈائریکٹر رِیسرچ) کو فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں تحقیقی و اِنتظامی خدمات کی سرانجام دہی پر نقد اِنعام اور سندِ حسنِ کارکردگی پیش کی گئی۔
  • فیض اﷲ بغدادی (رِیسرچ اسکالر) کو فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ کے شعبہ عربی میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر نقد انعام اور سندِ حسنِ کارکردگی پیش کی گئی۔
  • حافظ ظہیر احمد اَلاسنادی (رِیسرچ اسکالر) کو فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں حدیث پراجیکٹ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر نقد اِنعام اور سندِ حسنِ کارکردگی پیش کی گئی۔
  • اَجمل علی مجددی (رِیسرچ اسکالر) کو فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں حدیث پراجیکٹ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے پر نقد اِنعام اور سندِ حسنِ کارکردگی پیش کی گئی۔
  • مسز فریدہ سجاد (اِنچارج شعبہ خواتین اسکالرز) کو فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں ’سلسلہ تعلیماتِ اِسلام‘ پراجیکٹ کی supervision اور نمایاں کارکردگی پر نقد اِنعام اور سندِ حسنِ کارکردگی پیش کی گئی۔
  • مصباح کبیر (لیڈی اسکالر) کو فرید ملّت رِیسرچ اِنسٹی ٹیوٹ میں ’سلسلہ تعلیماتِ اِسلام‘ پراجیکٹ میں نمایاں کارکردگی پر نقد اِنعام اور سندِ حسنِ کارکردگی پیش کی گئی۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے مذکورہ اسکالرز کو اسناد پیش کیں، جن میں نائب امیر تحریک بریگیڈئیر (ر) اقبال احمد، امیر پنجاب احمد نواز انجم، ناظم امور خارجہ راجہ جمیل اجمل، پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام جی۔ ایم۔ ملک، نائب ناظم اعلیٰ (کوآرڈینیشن) رانا فیاض احمد شامل تھے۔

تقریب کے اختتام پر پرنسپل سیکرٹری ٹو شیخ الاسلام جی۔ ایم۔ ملک نے دعا کروائی اور میلاد مصطفی صلی اﷲ علیہ و آلہ وسلم کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top