تحریک منہاج القرآن دولتالہ کے زیراہتمام عظیم الشان میلاد مصطفی (ص) کانفرنس

تحریک منہاج القرآن دولتالہ حلقہ پی پی 4 کے یونٹ ڈھوں کے زیراہتمام مورخہ 04 فروری بروز ہفتہ کو جامع مسجد میں عظیم الشان میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد بعد نماز ظہرتا عصر کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت چوہدری جاوید اقبال (صدر تحریک منہاج القرآن دولتالہ حلقہ پی پی 4) نے کی جبکہ مرکزی نائب ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن علامہ علی اختر اعوان نے خصوصی شرکت کی۔ دیگر مہمانان گرامی میں محمودالحق قریشی، چوہدری محمد اسحاق، قاری یعقوب قادری، چوہدری طاہر خان مصطفوی، قاضی احسان غفور اور راجہ حسن اختر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران، رفقا و اراکین اور عوام الناس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام مجید سے کیا گیا جس کے بعد حضور علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے جس کی سعادت منہاج نعت کونسل آفتاب ربانی اور ادریس ربانی نے حاصل کی۔ نعت خوانی کے دوران آقا علیہ السلام کی آمد کی خوشی میں مرحبا مرحبا حضور کی آمد مرحبا کے نعروں کے ساتھ ایک وجدانی سا سما پیدا ہوگیا۔

محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ علی اختر اعوان مرکزی نائب ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن نے کہا کہ قرآن پاک میں ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے سارے فرشتے ہر وقت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام بھیجتے رہتے ہیں اے ایمان والوں تم بھی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درودوسلام بھیجا کرو۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ فرشتوں کے ساتھ مل کر پیارے آقا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ذکر کو مسلسل بلند کررہا ہے اور آج ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر نعتیں، درودوسلام کے گجرے، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمتوں کا بیان اور حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شانوں کا بیان کر کے اللہ تعالیٰ اور اسکے فرشتوں کی سنت ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل آج کی پیداوار نہیں ہے بلکہ یہ اس وقت سے جاری ہے جب سے اللہ تعالیٰ کی ذات موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ درودوسلام ہی ایک ایسی عبادت ہے جو ہر وقت قبولیت کے درجے پر فائز رہتی ہے۔

پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

تلاش

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top