رفعت اور عروج پانے کیلئے ایک بار پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ سے عہد وفا کرنا ہو گا

اللہ نے ظلم کی چکی میں پستی اور سسکتی انسانیت کی رہنمائی کیلئے نبی محترم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مبعوث فرمایا
ڈاکٹرعلامہ غلام مرتضیٰ علوی کا جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب

اللہ تعالیٰ نے ظلم کی چکی میں پستی اور سسکتی انسانیت پر اپنا خاص کرم فرماتے ہوئے نبی محترم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو انسانیت کی رہنمائی کیلئے مبعوث فرمایا۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے جہالت کی تاریک اور بند گلیوں میں پھنسے لوگوں کو ہدایت اور روشنی کا راستہ دکھایا وہ لوگ جو ایک دوسرے کی جان کے دشمن تھے چھوٹی چھوٹی باتوں پر وحشیانہ رویہ اختیا ر کرتے ہوئے اپنی ذاتی انا اور تسکین کیلئے دوسروں پر ظلم ڈھاتے تھے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اخلاقی تربیت کی بدولت آج یہ لوگ دنیا کہ معزز ترین لوگ ہیں۔

ان خیالات کا اظہار مرکزی ناظم تربیت تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ایک ایسا معاشرہ تشکیل میں آیا جس میں اجڈ اور گنوار پورے معاشرے کیلئے امن، سکون اور بھائی چارے کا اعلیٰ نمونہ بن گئے۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پوری زندگی معافی، در گزر اور احسان سے بھری پڑی ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات گرامی تمام جہانوں کیلئے باعث رحمت ہے۔

ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ افسوس صد افسوس آج ہم نے مشفق اور مہربان نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احکامات کو نظر انداز کر دیا اور پھر سے قتل و غارت گری، نا انصافی، جبر و استحصال والے نظام کو پروموٹ کرنا شروع کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج ہم پھر ایک اسی بد تہذیبی کے دور میں چلے گئے ہیں جہاں حضور کی بعثت مبارکہ سے پہلے تھے۔ اگر ہم پھر سے رفعت اور عروج چاہتے ہیں تو آپس میں تفریق کے سوالات کو ختم کر کے ایک بار پھر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ سے عہد وفا کرنا ہو گا اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی کا طوق گلے میں ڈالنا ہو گا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top