بالمیک مندر نیلا گنبد کے صحن میں تاریخ رقم، محفل میلاد مصطفیٰ کے دوران مندر کے درودیوا نعتوں اور درود و سلام سے گونجتے رہے

نمازعصر باجماعت مندر کے احاطے میں ادا کی گئی، محسن انسانیت محمد مصطفیٰ (ص) کی ولادت باسعادت کا کیک کاٹا گیا
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کا پیغام محبت و سلامتی عام کر رہے ہیں۔ پنڈت بھگت لال

بالمیک مندر نیلا گنبدکے صحن میں تاریخ رقم، محفل میلاد مصطفیٰ کے دوران مندرکے درودیوار نعتوں اور درود و سلام سے گونجتے رہے۔ محسن انسانیت محمد مصطفیٰ کی ولادت باسعادت کا کیک کاٹا گیا۔ معروف نعت خوانوں نے نعت رسول مقبول کے نذرانے پیش کئے۔ نماز عصر باجماعت مندر کے احاطے میں ادا کی گئی۔ تارا چند، لبھا بھگت اورشمس گل نے مشہور زمانہ نعت ’’شاہ مدینہ یثرب کے والی سارے نبی تیرے در کے سوالی‘‘ پڑھ کر محفل میلاد میں عجیب روحانی ماحول پیدا کردیا۔ تحریک منہاج القرآن کی ڈائریکٹوریٹ آف انٹرفیتھ ریلیشنز کے زیراہتمام ہونے والی محفل میلاد مصطفیٰ میں پنڈت بھگت لال، مسیحی رہنماء پادری چمن سردار، سہیل احمد رضا، پیر سید علی رضا، جی ایم ملک، قاضی فیض الاسلام، حافظ غلام فرید، علامہ محمد حسین آزاد، سید عثمان نوری، سید حسین نقوی، ڈائریکٹر آئی سی آر ناصر سہیل، حفیظ اللہ جاوید، ڈاکٹر اقبال نور اور دیگر مسیحی، ہندو اور مسلم رہنماؤں نے شرکت کی۔

پنڈت بھگت لال نے گفتگو کا آغاز آقائے دوجہاں کی بارگاہ میں نعت پڑھ کر کیا۔ انہوں نے کہاکہ صرف مسلمانوں کا محمد پر اجارہ نہیں ہے، محسن انسانیت محمد مصطفیٰ پوری انسانیت کیلئے رحمت بن کر آئے اور اس رحمت سے ہندو اور دیگر مذاہب کے پیروکار بھی حصہ لے رہے ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اسلام کا پیغام محبت و سلامتی عام کر رہے ہیں۔ اسلامی دنیا کے اس عظیم سکالر نے ہم تک حقیقی اسلامی تعلیمات پہنچائی ہیں جس میں نفرت، انتہا پسندی اور تشدد کا نہیں سلامتی، امن اور مذاہب کے احترام کا پیغام ہے۔ شیخ الاسلام نے ویمبلے کانفرنس لندن میں 12 ہزار افراد کے اجتماع میں 6 مذاہب کے رہنماؤں اور پیروکاروں کو ایک چھت تلے جمع کر کے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔ منہاج القرآن کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج ہم نے مندر میں میلاد مصطفیٰ کرانے کی سعادت حاصل کی ہے۔ ہم پاکستانی ہیں اور محمد کے میلاد کی خوشیوں میں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ شریک ہیں۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مندر میں میلاد مصطفیٰ کا ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ اسلام کے دامن میں غیر مسلموں کو مکمل تحفظ اور آزادی حاصل ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کاوشوں کے ثمرات بیرونی دنیا سمیت وطن عزیز میں بھی ہر جگہ نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مکالمہ کا دروازہ کھول کر ہی دنیا کو دائمی امن دیا جاسکتا ہے۔

تحریک منہاج القرآن کی انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا نے کہاکہ اسلام کا پیغام محبت آج بالمیک مندر کے ذریعے پوری دنیا تک پہنچا ہے۔ پنڈت بھگت لال نے محفل میلاد مصطفیٰ منعقد کر کے بین المذاہب رواداری کی جو مثال قائم کی ہے ہم اسکی دل سے قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن کی فکر حضور کی محبت اور اسلام کے پیغام محبت اور سلامتی پر استوار ہے۔ اسی کی بدولت آج بالمیک مندر نیلا گنبد لاہور میں بین المذاہب روادری کی عظیم مثال رقم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی انسانیت کو امن دینے کی مؤثر فکری و عملی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ آج ملک کی ہندو برادری کو بھی اپنے مندر میں میلاد مصطفیٰ منانے کا اعتماد ملا ہے۔ اسلام نفرتوں کو ختم کر کے سلامتی اور امن کے رویوں کو فروغ دیتا ہے اور منہاج القرآن اسلام کی حقیقی تعلیمات کو دنیا میں عام کرنے کا احسن فریضہ ذمہ داری سے ادا کر رہا ہے۔

نائب ناظم اعلیٰ جی ایم ملک، ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز سہیل احمد رضا اور ڈپٹی ڈائریکٹر حافظ غلام فرید نے پنڈت بھگت لال کو میلاد مصطفیٰ کی پروقار تقریب میں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top