جامعہ ازہر میں پاکستانی ازہری طلبہ کے زیراہتمام محفل میلاد

عالم اسلام کی قدیم ترین درس گاہ جامعہ ازہر مصر میں پاکستانی ازہری طلبہ کے زیراہتمام گیارہ بارہ ربیع الاول کی درمیانی شب محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان سفارت خانہ سے تنویر احمد اور آصف شاہ بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ ڈاکٹر منیر احمد ازہری، بشیر احمد اور مظہر راجہ افتخار نے بھی خصوصی شرکت کی۔ محفل کا انعقاد جامعہ ازہر کے مرکزی ہاسٹل کی جامع مسجد میں کیا گیا جہاں دنیا بھر کے 110 ممالک سے مقیم طلبہ نے محفل میں بھرپور شرکت کی۔

محفل کا آغاذ تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری خالد حمید، قاری حسین علی اور قاری محمد خلیل نے حاصل کی۔ بعد ازاں بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا، جس میں محمد نعمان اور ان کے ساتھیوں نے نعت خوانی کی۔ انہوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا لکھا ہوا نعتیہ کلام بھی پیش کیا۔

محفل میلاد کے موقع پر جامعہ ازہر کی مسجد کو برقی قمقوں اور جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا۔ پاکستان کے علاوہ تنزانیہ کے طلبہ نے بھی اپنے روایتی انداز میں بارگاہ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عربی قصیدہ پیش کیا۔ محفل میں نقابت کے فرائض حافظ محمد ادریس اور محمد رفیق نے سرانجام دیے۔

پروگرام میں واگ پاکستان برانچ کے جنرل سیکرٹری شفاقت علی بغدادی نے افتتاحیہ کلمات پیش کرتے ہوئے جملہ شرکاے محفل کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر انہوں نے تمام شرکاء کو مبارک باد بھی دی کہ آج ہم آقاے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی منانے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔

پروگرام میں پاکستان سے تشریف لائے ہوئے صاحبزادہ عزیر کے علاوہ حافظ نعیم الدین اور رومانیہ سے ڈاکٹر آسیاد نے بھی خصوصی خطاب کیا۔ جب ڈاکٹر آسیاد نے محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے کچھ لطیف پہلؤوں پر روشنی ڈالی تو شرکاء پر رقت آمیز کیفیت طاری ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کی ہر چیز حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کرتی تھی مگر اس کھجور کے تنے نے اپنی محبت کا اظہار کیا تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اسے دنیا اور آخرت میں اپنی قربت سے نواز دیا، آج ہم بھی اسی محبت کے اظہار کے لیے جمع ہوئے ہیں۔

کلمات تشکر حافظ غلام انور نے ادا کیے۔ محفل میلاد کے اس پروگرام کی کامیابی پر واگ پاکستان برانچ کے صدر صاحبزادہ حسن محی الدین قادری نے انتظامیہ سمیت تمام طلبہ کو خصوصی مبارک باد دی۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top