تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام میلاد مصطفیٰ ﷺ کانفرنس 2012ء

تحریک منہاج القرآن کراچی کے زیراہتمام 8ویں سالانہ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس 18 ربیع الاول کی شب (بمطابق 11 فروری 2012ء) کو منعقد ہوئی۔ جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کینیڈا سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے براہ راست خصوصی خطاب کیا۔

کانفرنس کی صدارت حضرت پیر ڈاکٹر سید مہدی رضا شاہ سبزواری (سجادہ نشین درگاہ عالیہ حضرت قلندر لعل شہباز سہون شریف، سندھ) نے کی جبکہ حضرت پیر شفیع محمد مشوری (سجادہ نشین درگاہ عالیہ مشوری شریف)، سید سرور چشتی (سجادہ نشین درگاہ عالیہ اجمیر شریف)، شیخ زاہد فیاض (مرکزی سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن) اور حاجی عبدالرؤف (چیئرمین اے آر وائی گروپ) مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ پروگرام میں آغا مرتضیٰ پویا (مرکزی ممبر سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن)، ڈاکٹر الحاج خواجہ محمد اشرف (سرپرست تحریک منہاج القرآن سندھ)، ڈاکٹر نعیم انور نعمانی، سید محمد ظفر اقبال، مخدوم ندیم احمد ہاشمی اور علامہ عباس کمیلی بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

تحریک منہاج القرآن کراچی کے قائدین نائب امیر تحریک قیصر اقبال قادری، ناظم تحریک راؤ کامران محمود، اشرف قیصر ایڈووکیٹ اور منہاج القرآن کراچی کے دیگر قائدین، منہاج القرآن ویمن لیگ، منہاج القرآن یوتھ لیگ اور مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے عہدیداران بھی کانفرنس میں شریک تھے۔ میلاد کانفرنس میں سندھ بھر سے علماء و مشائخ اور خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جس میں سندھ بھر سے عشاقان مصطفیٰ کی کثیر تعداد بھی شامل تھی۔ پروگرام میں بچے، جوان، بوڑھے اور ہر عمر کے لوگ شامل تھے۔

کانفرنس کی مکمل کارروائی ARY QTV اور Minhaj TV کے ذریعے براہ راست نشر کی گئی جس سے دنیا بھر کے ناظرین اس کانفرنس میں شریک رہے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز شب 10 بجے تلاوت قرآن پاک سے ہوا، قاری غلام حسن نے تلاوت قرآن کا شرف حاصل کیا جبکہ محمد صابر نے حمد پیش کی۔ اس کے بعد نعت خوانی کےسلسلہ میں ذوالفقار علی حسینی، سید رفاقت علی، نور برادران ماجد نور اور ساجد نور نے اپنے مخصوص انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہدیہ عقیدت پیش کیا۔

پروگرام میں اجمیر شریف کے سجادہ نشین حضرت سید سرور چشتی نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن سے محبت ان کے عقیدے کا حصہ ہے کیونکہ منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری محبت مصطفیٰ صلی اللہ علی وآلہ وسلم کو نگر نگر عام کر رہے ہیں۔ یہ پیغام عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان ہے کہ ہم بھی اس محفل میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کامیابی و کامرانی کے لیے دعاگو ہیں۔ پروگرام میں نائب امیر تحریک کراچی قیصر اقبال قادری نے نقابت کی جبکہ ناظم تحریک کراچی راؤ کامران محمود نے اظہار تشکر پیش کیا۔

میلاد کانفرنس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری شب ساڑھے 12 بجے کینیڈا سے بذریعہ ویڈیو کانفرنس براہ راست مخاطب ہوئے۔ شیخ الاسلام نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت و فردیت کے موضوع پر خطاب کیا۔ آپ نے آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ولادت و نسب اور شان و حسب کو قرآن و سنت کی روشنی میں واضح کیا۔ کانفرنس کا اختتام درود و سلام اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے رقت آمیز دعا پر ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top