منہاج القرآن انٹرنیشنل اوڈنسے ڈنمارک کے زیر اہتمام رحمت عالم (ص) کانفرنس

پیغمبر آخرالزمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد پاک کے مبارک موقع پر جہاں بھر میں خوشیوں اور مسرتوں کا سماں ہے۔ ڈنمارک کے شہر اوڈنسے میں بھی اہل ایمان نے انتہائی عقیدت اور احترام سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر محافل کا اہتمام کیا۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل اوڈنسے (ڈنمارک) کے زیر سرپرستی میلاد کمیٹی نے مورخہ 04 فروری 2012ء کو ڈنمارک یونیورسٹی اوڈنسے کے پروقار آڈیٹوریم میں مولد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس کا انعقاد کیا جس میں منہای القرآن، مسلم یوتھ لیگ، ویمن یوتھ لیگ نے بھر پور شرکت کی۔

کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ عمر نورانی اور انوار احمد شمسی نے حاصل کی، ویمن یوتھ لیگ کی بہنوں نے سرور کونین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں درود و سلام پیش کیا۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سعادت ملک محمد نواز اور محمد حسین شاہ نے حاصل کی۔ کوپن ہیگن سے تشریف لائے منہاج نعت کونسل کے ساتھیوں نے علامہ قاری ظہیراحمد (ڈائریکٹر ادارہ ویلبی) کی قیادت میں دف کے ساتھ انتہائی خوبصورت اندا ز میں نعتیں پیش کیں۔ انیلہ خان نے ڈینش زبان میں اور کوپن ہیگن سے تشریف لائے مہمان حسن بوستان نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر گفتگو کی۔

کانفرنس کے مہمان خصوصی علامہ نور احمد نور تھے جو بطور خاص ناروے سے محفل میں شرکت کے لئے آئے تھے، انہوں نے سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کائنات میں فضیلت کو قرآن وحدیث سے ثابت کیا۔ محفل کی نقابت حافظ شاہد ریاض نے کی۔ پروگرام کے آخر میں ڈائریکٹر ادارہ اوڈنسے حافظ ندیم یونس نے شرکاء اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ادارہ کی سرگرمیوں کی تفصیلات بیان کیں۔ ادارہ سے فارغ ہونے والے طلباء ریحان وسیم، صہیب وسیم اور اقصیٰ یٰسین کو اسناد دی گئیں۔ اختتامی دعا کے بعد ضیافت میلاد کا بھر پور انتظام کیا گیا۔

رپورٹ: ندیم یونس

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top