منہاج القرآن سیالکوٹ کے زیراہتمام میلاد جلوس
تحریک منہا ج القرآن سیالکوٹ کے زیراہتمام ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے میلاد جلوس کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج القرآن سیالکوٹ کے قائدین کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جلوس منہاج القرآن کے مرکزی آفس سے شروع ہوا اور شہر کے مختلف حصوں سے ہوتا ہوا اپنی منزل تک پہنچا۔ جلوس کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم والے پوسٹر، پاکستان عوامی تحریک کے پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ تمام شرکاء جلوس میں میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے نعرے بھی لگا رہے تھے۔ شرکاء میں بچے خصوصی توجہ کا مرکز رہے، جو عربی لباس میں ملبوس تھے۔
جلوس کے راستے میں جگہ جگہ لوگوں نے شرکاء پر گل پاشی کی جبکہ اس میلاد مارچ کے اختتام پر تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ کے مرکزی قائدین نے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن میلاد مارچ کے ذریعے پیغام امن عام کررہی ہے، یہ پیغام امن بیداری شعور مہم کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دنیا بھر میں محبت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کو عام کر رہے ہیں جسے مزید پھیلانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
جلوس اور میلاد مارچ کا اختتام دعا سے ہوا۔
تبصرہ