منہاج القرآن ویمن لیگ نارووال بدوملہی کے زیراہتمام محفل میلاد

منہاج القرآن ویمن لیگ نارووال بدوملہی کے زیراہتمام مورخہ 12 فروری 2012 کو عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی، جس میں اہم شخصیات کے علاوہ علاقہ بھر سے تقریبا 1500 خواتین نے شرکت کی۔ اس پروگرام میں مرکز سے نمائندگی کرتے ہوئے ناظمہ دعوت محترمہ سدرہ کرامت، منہاج نعت کونسل اور منہاج کالج فار ویمن نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جبکہ منہاج گرلز کالج کی نعت کونسل نے انتہائی خوبصورت انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مدح سرائی کی۔ پروگرام میں خصوصی خطاب مرکزی ناظمہ دعوت محترمہ سدرہ کرامت علی نے "آو کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں" کے موضوع پر کیا۔ جس میں انہوں نے خواتین کو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے اپنا تعلق محبت، اطاعت واتباع، ادب وتعظیم اور نصرت دین کی صورت میں قائم کرنے کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت تحریک منہاج القرآن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت واطاعت کا پیغام پہنچا رہی ہے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری امت مسلمہ کے لیے علمی وتجدیدی خدمات آئندہ کئی صدیوں کے لیے سرانجام دے رہے ہیں۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر غلبہ دین حق کے لیے کوشاں ہوں۔ پروگرام کے اختتام پر خصوصی دعا کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top