منہاج القرآن انٹرنیشنل ناگویا (جاپان) کے تحت 15 ویں سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل ناگویا (جاپان) کے زیر اہتمام مورخہ 11 فروری 2012ء بروز ہفتہ ہر سال کی طرح اس سال بھی محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پورے جذبہ ایمانی،اور نہایت عقیدت واحترام سے منائی گئی۔اس سال محفل میلاد کا انعقاد منہاج القرآن کے خریدی گئے نئے اسلامک سنٹر و مسجد المصطفیٰ میں کیا گیا۔

محفل میں خصوصی خطاب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے شاگرد رشید علامہ شکیل احمد ثانی نے کیا جبکہ صدارت منہاج ایشیئن کونسل کے صدر علی عمران نے کی۔ نقابت کے فرائض علامہ عبدالمصطفیٰ شاہین اور منہاج القرآن ناگویا کے جنرل سیکرٹری مہدی حسن نے سرانجام دیئے۔

محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت جاپانی مسلم محمد شعیب شویا نے حاصل کی، محمد فیصل قادری، رانا مجیب الرحمن اور راجہ محمد رضوان نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔محفل میلاد میں خصوصی نعت جاپان کے مشہور نعت گو شاعراور منہاج نعت کونسل کے صدر محمد جاوید سجن نے انتہائی خوبصورت انداز میں پیش کی جس پر حاضرین مجلس کے جذبات دیدنی تھے۔ علامہ عبدالمصطفیٰ شاہین نے خصوصی خطاب کے لئے جب علامہ محمد شکیل احمد ثانی کو دعوت دی تو سارے شرکاء نے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ علامہ محمد شکیل احمد ثانی نے اپنے روحانی خطاب میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان کو موضوع بنایا جس سے ہر آنکھ اشک بار تھی۔محفل کے اختتام پر منہاج ایشیئن کونسل کے صدر علی عمران نے مہمانوں کاشکریہ ادا کیا۔ محفل کا اختتام درود وسلام سے ہوا۔ آخر میں حاضرین کو پرتکلف ضیافت میلاد دی گئی۔

رپورٹ: خالد علی

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top