منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب
منہاج القرآن انٹرنیشنل کے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 61 ویں سالگرہ برطانیہ سمیت دنیا بھر کے سو سے زائد ممالک میں بڑے جوش وخروش سے منائی گئی۔ اس سلسلہ میں مورخہ 18 فروری 2012ء ہفتہ کی رات برمنگھم میں منہاج القرآن برطانیہ کے زیراہتمام منعقد کی گئی جس میں خصوصی شرکت شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کی۔ جبکہ صدارت اجمیر شریف (انڈیا) کے سجادہ نشیں پیر سید بلال چشتی نے کی جبکہ سٹیج پر علامہ حافظ نذیر احمد خان، ظہور احمد نیازی، علامہ اشفاق عالم قادری، طاہر محمد، میاں زاہد اسلام، ڈاکٹر زاہد اقبال، حاجی عبدالغفور، فہیم انور رندھاوا اور ظفر کانپور سمیت برطانیہ اور یورپ بھر سے منہاج القرآن کے علماء و سکالرز شامل تھے۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پا ک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ وقاص نے حاصل کی، جبکہ خصوصی نعت حسان منہاج الحاج محمد افضل نوشاہی نے پیش کی۔ معروف برطانوی قوال حامد علی نقیبی اور ہمنوا نے قوالی پیش کی۔ ہال کو رنگ برنگے غباروں اور جھنڈوں کے ساتھ خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا، اس تقریب میں ہزاروں مرد وخواتین نے شرکت کی۔ پروگرام کی نقابت کے فرائض منہاج القرآن انٹرنیشنل برطانیہ کے صدر علامہ محمد افضل سعیدی نے ادا کئے۔ اس تقریب کو دنیا بھر میں انٹرنیٹ کے ذریعے براہ راست دیکھا گیا۔
تقریب سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ تمام لوگ بالخصوص نوجوان عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی زندگیوں کا اوڑھنا بچھونا بنا لیں اور دنیا بھر میں دین اسلام کو درپیش مسائل و مشکلات کو اپنے مثبت کردار سے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان حصول تعلیم کو سرفہرست رکھیں اور دنیا بھر میں سیاسی و سماجی اور معاشی سطح پر اپنے کردار کو مضبوطی سے ادا کریں، اس کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر منہاج القرآن کے جھنڈے تلے انسانیت کی خدمت اور امن و محبت کے پرچار کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں۔
تقریب کا اختتام درود وسلام اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی رقت آمیز دعا سے ہوا۔ بعد ازاں شیخ الاسلام کی سالگرہ کا کیک پیر سید بلال چشتی، علامہ حافظ نذیر احمد خان اور ظہور احمدنیازی نے مشترکہ طور پر کاٹا۔
رپورٹ: آفتاب بیگ
تبصرہ