امت خدا اور مصطفی (ص) سے کامل تعلق استوار کر لے تو ہر قسم کے عذاب سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ غلام مرتضیٰ علوی

مہنگائی، دہشت گردی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں
ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی کا جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃالمبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب

ڈاکٹر علامہ غلام مرتضیٰ علوی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کی زندگیاں مجموعی طور پر اللہ کی بندگی سے خالی ہوچکی ہیں۔ 18 کروڑ کے ملک میں کتنے ہیں جو اللہ کی رحمت کے طلبگار ہیں، کتنے نوجوان بچے بچیاں ہیں جنہوں نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور سیدہ کائنات حضرت فاطمۃ الزہراہ رضی اللہ عنہا کو اپنا آئیڈیل بنا رکھا ہے۔ ہمارے دل پتھروں سے سخت اور دل کے چشمے خشک ہوگئے ہیں۔ آنکھوں نے اللہ کی یاد میں رونا ترک کردیا اس لئے قومی سطح پر توبہ کرنا ہوگی۔ مہنگائی، دہشت گردی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے جہنم میں عوام جل رہے ہیں، بے گناہوں کا قتل عام ہورہا ہے، پورا عالم اسلام غلامی کی زنجیروں میں جکڑا جاچکا ہے، تباہی اور بربادی مسلط کر دی گئی ہے، آج مسلمانوں کو مسلمانوں سے بیگانہ کیا جارہا ہے، آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تعلق کو جڑ سے کاٹنے کی مذموم کوششیں ہورہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامع المنہاج ماڈل ٹاؤن میں جمعۃالمبارک کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ان حالات میں امت مسلمہ کو اجتماعی توبہ کرناہو گی، پاکستانی قوم کو بھی تائب ہونا ہوگا۔ ڈاکٹر غلام مرتضیٰ علوی نے کہا کہ اسلام جبر اور بربریت کا نہیں رحمت اور شفاعت کا دین ہے۔ آج امت خدا اور مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کامل تعلق استوار کر لے تو ہر قسم کے عذاب سے چھٹکارا مل سکتا ہے۔ جو بندہ اللہ کی یاد سے محروم رہتا ہے وہ اللہ کو نہیں بھلاتا حقیقت میں اللہ اسے بھول جاتا ہے۔ اللہ کے خوف میں رونے سے بہتر کوئی عمل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوئی آنکھ اس وقت تک نہیں روتی جب تک اللہ کا فضل اسے نصیب نہ ہو۔ آج امت اپنے زوال کو عروج میں بدلنا چاہتی ہے تو اللہ کی خشیت میں رونا ہوگا، آنسو بہانا ہونگے، اللہ کو منانا ہوگا، اپنے اعمال کا محاسبہ اور درستگی کرنا ہو گی۔ امت کے پاس اللہ کو منانے کا کوئی اور راستہ نہیں۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top