منہاج القرآن ویمن لیگ چیچہ وطنی کے زیراہتمام شیخ الاسلام کی سالگرہ پر محفل میلاد

منہاج القرآن ویمن لیگ تحصیل چیچہ وطنی کے زیراہتمام جناح ہال ٹی ایم اے میں خواتین کی عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی، یہ محفل شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا، جس کے بعد منہاج نعت کونسل لاہور اور چیچہ وطنی کی اراکین نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ بے کس پناہ میں ہدیہ نعت پیش کی جس سے پورے ہال میں ایک روحانی ماحول کا سماں بن گیا تھا۔

مرکزی ناظمہ دعوت منہاج القرآن ویمن لیگ محترمہ سدرہ کرامت علی نے "آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں" کے موضوع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے سب انبیاء کرام نے اپنی امتوں کو اللہ تعالی کے ادب واحترام کا درس دیا، مگر جب رحمتہ العالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی باری آئی تو خود اللہ تعالی نے اپنے محبوب حبیب کبریا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ادب واحترام کا درس کل عالم کو دیا اور اب موجودہ حالات کا تقاضا یہی ہے آؤ کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں۔ مسلمانان عالم کا حق بنتا ہے کہ اپنے آقا کریم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بے پناہ محبت واتباع کرتے ہوئے عہد وفا کریں اور اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے تبلیغ اسلام کا فریضہ بھی سر انجام دیں، روزانہ درود شریف استغفار اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہیں۔

 یہ محفل پاک چیچہ وطنی کی تاریخ میں خواتین کی سب سے بڑی محفل میلاد تھی، جس کا انتظام و انصرام منہاج القرآن ویمن لیگ نے بڑے احسن انداز سے کیا۔ محفل میں قرعہ اندازی کے ذریعے خواتین میں عرفان القرآن کے تحائف تقسیم کئے گئے۔

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے یوم پیدائش کے موقع پر محترمہ سدرہ کرامت علی نے کیک کاٹا۔ جس میں شیخ الاسلام کی صحت و تندرستی کے لئے خصوصی دعا کی گئی اور وجدآفریں درود وسلام اورسامعین کے لئے دعائے خیر پر اس محفل میلاد کا اختتام ہوا۔ محفل کے اختتام پر ضیافتِ میلاد کا وسیع انتظام کیا گیا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top