منہاج ماڈل سکول گرلز کیمپس کے زیراہتمام قائد ڈے کی تقریب
منہاج ماڈل سکول گرلز کیمپس ٹاؤن شپ لاہور میں مورخہ 21 فروری 2012 کو شیخ الاسلام پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا اکسٹھ واں یوم پیدائش انتہائی پروقار انداز میں منایا گیا۔
اس تقریب کے مہمان خصوصی نائب ناظم اعلی تحریک منہاج القرآن جی ایم ملک تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں فرانس سے محمد نعیم چوہدری اور پرنسپل احمد نواز انجم بھی شامل تھے۔ طالبات نے عربی ترانوں کی گونج میں مہمانوں کا بھرپور استقبال کیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بطور ہدیہ پیش کی گئی۔
طالبات نے تقریب میں شیخ الاسلام کی خدمات کے حوالے سے مختلف موضوعات پر تقاریر کیں، اس کے علاوہ طالبات نے تحریکی ترانوں اور نغموں سے تقریب کو خوب رونق بخشی۔ تقریب کے دوران شیخ الاسلام کی سالگرہ کا خوب صورت کیک بھی کاٹا گیا۔ اس دوران طالبات نے نعروں اور تالیوں سے اپنے جذبات کا مظاہرہ کیا۔
اس موقع پر محمد نعیم چوہدری نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شیخ الاسلام کی سوچ اور فکر کو لے آگے بڑھنا ہو گا اور اس کے اصل وارث آپ طلبہ وطالبات ہی ہیں جنہوں نے اس کو قریہ قریہ پہنچانا ہے، آپ شیخ الاسلام کے مشن کو پھیلانے میں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں۔
اس کے بعد مہمان خصوصی نے صدارتی کلمات کہے۔ اس موقع پر جی ایم ملک اور محمد نعیم چوہدری نے طالبات کی حوصلہ افزائی کے لئے ان میں انعامات تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل ماڈل سکول احمد نواز انجم نے تمام امت مسلمہ کے لئے اور بالخصوص شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت وسلامتی کے لئے دعائیہ کلمات فرمائے۔
تبصرہ