شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 61 ویں سالگرہ پر عالمی سفیر امن سیمینار
شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی 61 ویں سالگرہ کے موقع پر انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فکری اور عملی رہنمائی دینے اور فروغ امن کے لیے ان کی عالمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس حوالے سے تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں "عالمی سفیر امن سیمینار 2012ء" منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت امیر تحریک صاحبزادہ مسکین فیض الرحمن درانی نے کی جبکہ چن پیر قادری (سجادہ نشین حضرت میاں میر)، پیر نفیس الحسن قادری (اوچ شریف)، ڈاکٹر سعید الٰہی (مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب - MPA)، ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، ڈاکٹر علامہ غلام رسول قادری، ارشاد حسین عارف (سینئر جرنلسٹ جنگ نیوز)، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک انوار اختر ایڈووکیٹ، معین علوی (سیکرٹری اطلاعات سنی اتحاد کونسل) اور علامہ حافظ طاہر ضیاء (نارووال) مہمان خصوصی تھے۔
سینئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، نائب ناظم اعلیٰ پبلک ریلیشنز جی ایم ملک، نائب ناظم اعلیٰ ایڈمنسٹریشن سید الطاف حسین شاہ گیلانی، ناظم پبلی کیشنز محمد فاروق احمد رانا، ناظم منہاج القرآن علماء کونسل سید فرحت حسین شاہ، ناظم اجتماعات جواد حامد، صدر منہاج القرآن علماء کونسل پنجاب الحاج علامہ امداد اللہ قادری، ناظم علماء کونسل پنجاب علامہ میر آصف اکبر قادری، ایڈیٹر العلماء علامہ محمد حسین آزاد، صدر علماء کونسل لاہور علامہ اصغر صدیقی اور دیگر مرکزی قائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ جس کے بعد تمام معزز مہمانوں اور شرکاء کو استقبالیہ پیش کیا گیا۔
مقررین سیمینار نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا وجود سراپا امن و سلامتی اور محبت ہے اس لئے ان کے ایک ایک لفظ سے انسانیت کیلئے محبت اور سلامتی کے رویے پھوٹتے ہیں۔ بلاشبہ وہ تجدید دین کی بڑی ذمہ داری اپنی بساط کے مطابق نہایت احسن طریقہ سے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مجدد وقت مشرق اور مغرب کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ امت مسلمہ کی آنیوالی نسلوں کیلئے بھی آئیڈیل ہیں اور انکی فکر اگلی کئی صدیوں تک مشعل راہ رہے گی۔ وہ امت مسلمہ کی مشکلات، مسائل کا ادراک اور انکو حل کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہیں۔ انکی ذات عرب و عجم میں امت مسلمہ کیلئے قابل فخر ہے۔
آخر پر شیخ الاسلام کی 61 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی صحت و سلامتی کے لیے دعا خیر کی گئی۔
تبصرہ