منہاج القرآن انٹرنیشنل کوریا کے زیر اہتمام 14 ویں سالانہ محفل میلاد

منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ کوریا کے زیر اہتمام مورخہ 19 فروری 2012ء کو شی ہنگ شن چلی کوریا میں 14ویں سالانہ محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں کوریا بھر سے مسلمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد بشیر نے حاصل کی، غضنفر علی قادری، افضل سلہری، مردان علی قادری، اشفاق قادری، خضر نوشاہی اور بابر قادری نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نعتوں کی صورت میں پیش کئے۔ محفل کی نقابت کے فرائض شفیق بھٹی اور تبسم قادری نے سرانجام دیئے۔پروگرام کی صدارت منہاج ایشیئن کونسل کے امیرمحمد جمیل چودھری نے کی، حافظ روح الامین( بنگلہ دیش)، حافظ عبدالوحید(نیشنل فوڈز)، اتحاد ٹریولز، اصغر بنگی(علی بابا ریسٹورنٹ)، عبدالوحید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ بزنس کمیونٹی کی کثیر تعدا نے بھی محفل میں حاضری کو اپنے لئے باعث سعادت سمجھا۔

محفل میں خصوصی خطاب منہاج القرآن انٹرنیشنل ہانگ کانگ کے ڈائریکٹر علامہ حافظ محمد نسیم نقشبندی نے کیا جو اس عظیم الشان محفل میں شرکت کے لئے ہانگ کانگ سے تشریف لائے تھے، انہوں نے اپنے خطاب میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شرعی حیثیت پر قرآن وحدیث کی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا میلاد منانا قرآن سے ثابت ہے کیونکہ اللہ رب العزت نے خود اپنی عظیم کتاب میں ارشاد فرمایا ہے کہ جب تم پر میرا فضل اور رحمت ہو تو اس پر خوب خوشیاں مناؤ۔ اب امت مسلمہ پر اللہ رب العزت کا سب سے بڑا فضل اور رحمت آپ سرکار دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بڑھ کر ہو ہی نہیں سکتی، دنیاوی تمام خوشیاں اس خوشی پر قربان، ہم اپنے بچوں کی پیدائش، اپنے کاروبار کے افتتاح اور شادی بیا ہ کی تقریب پر تو خوشیاں منائیں مگر جب تمام جہانوں کے سردار کی ولادت پر خوشی منانے کی باری آئے تو اس پر دلائل مانگنا شروع کردیں۔پہلے وہ ولوگ اپنی دنیاوی خوشیوں کے ثبوت پر دلیل دیں۔

خطاب کے بعد اجتماعی طور پر درود وسلام پڑھا گیا۔ محمد جمیل چودھری نے محفل کے اختتام پر خصوصی دعا کرائی جس سے تمام شرکاء کی آنکھیں اپنے اعمال کویاد کرکے اور آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے عشق میں پرنم تھیں۔منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب اور کیسٹس کا سٹال بھی لگایا تھا جس پر لوگوں نے بھر پور خریدار ی کرتے ہوئے ویمبلے ارینا(برطانیہ)، امریکہ میں ہونے والی امن کانفرنس، اور مینار پاکستان (لاہور) میں منعقد ہونے والی سالانہ محفل میلاد کے پروگرام کی DVD شرکاء کی توجہ کا مرکز رہیں۔

محفل کے اختتام پر جملہ شرکاء کو ضیافت میلاد دی گئی۔ سالانہ محفل میلادکوکامیاب بنانے میں حاجی محمد اسحاق قادری،امتیاز احمد، امتیاز قادری، عدیل بٹ، شہباز قادری، جمال قادری، صلاح الدین قادری، اقبال قادری، یاسر قادری اور شاہد قادری نے بھر پور محنت کی ۔

رپورٹ:محمد فاروق

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top