تحریک منہاج القرآن یونین کونسل سمرا (لودہراں) کے زیراہتمام درس عرفان القرآن

مورخہ: 06 مارچ 2012ء

تحریک منہاج القرآن یونین کونسل سمرا (لودہراں) کے زیراہتمام پیپلی والا میں درس عرفان القرآن کا انعقاد کیا گیا، جس میں خصوصی شرکت ملک اسلم حماد صدر تحریک منہاج القرآن لودہراں، چوہدری عبدالغفار سنبل نائب سرپرست، ملک عابد حسین جوئیہ ناظم دعوت و تربیت، حاجی فدا حسین، مولانا زاہد حسین نے کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام مجید سے ہوا، جس کے بعد بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا۔ درس عرفان القرآن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شاگرد رشید علامہ نصیر احمد بابر نے کہا کہ آج کا معاشرہ نوجوانوں کو بے حیائی اور بد اخلاقی کی طرف لے جا رہا ہے، ان سب کا ذمہ دار انٹرنیٹ اور موبائل وغیرہ کا غلط استعمال ہے۔ اس بچنے کا واحد ذریعہ یہ ہے کہ ہر جگہ درس قرآن قائم کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ درس قرآن سے نہ صرف دلی خوشی ملتی ہے، بلکہ درس قرآن سے انسان کا اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول سے ٹوٹا تعلق جڑ جاتا ہے۔ انہوں نے ماہ ربیع الثانی کی مطابقت سے حضور قدرۃ الاولیا شیخ عبدالقادر جیلانی کے بارے میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ ولی اللہ سے تعلق کا مطلب اللہ تعالیٰ سے تعلق ہے، ولی کا ذکر کرنا اللہ تعالیٰ کا ذکر ہے، جس شخص کو دیکھنے سے خدا یاد آ جائے۔ اس کا مطلب یہی ہے کا وہی شخص ولی کامل ہے۔ پھر انہی ولیوں کے غلاموں کا ذکر بھی عبادت بن جاتا ہے۔

درس عرفان القرآن کی نقابت کے فرائض نادر حسین سہروردی نے ادا کیے۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں ملک محمد اختر ناظم درس عرفان القرآن پپلی والا، حاجی محمد عمران، محمد ناصر، محمد بلال، محمد سجاد اور محمد ربنواز نے بھرپور خدمات سرانجام دیں، درس عرفان القرآن میں علاقے کے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور آخر میں ملک کی امن و سلامتی اور بخشش کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

رپورٹ : مرزا محمد اسلم میڈیا ایڈوائزر تحریک منہاج القرآن لودہراں

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top