منہاج القرآن انٹرنیشنل (برلن) جرمنی کے زیراہتمام سالگرہ کی پروقار تقریب
منہاج القرآن انٹرنیشنل (برلن) جرمنی کے زیراہتمام مورخہ 19 فروری 2102ء کو پاکستان کلچر سنٹر میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی اکسٹھویں سالگرہ بڑے پروقار طریقے سے منائی گئی۔ اس موقع پر دو کیک کاٹے گئے۔ ایک کیک مردوں نے جبکہ دوسرا کیک خواتین اور بچوں نے کاٹا۔ تقریب میں خواتین وحضرات اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت منہاج القرآن یوتھ لیگ کے شاہ زیب احمد نے حاصل کی، خوشنود احمد اور میاں عمران الحق نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ نعت پیش کی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل برلن کے ناظم محمد ارشاد نے نقابت کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے سپاسنامہ پیش کیا اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ خطیب وامام جامع مسجد حافظ طارق علی نے شیخ الاسلام کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کواجاگر کیا اور امت مسلمہ کے لئے ان کی خدمات کوسراہتے ہوئے سامعین کو ان کے نقش قدم پر چلنے کی تلقین کی۔ صدر مجلس شوریٰ خضر حیات تارڑ نے ملکی اور عالمی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری ایک مشعل راہ کی حیثیت رکھتے ہیں، وہ نفرتوں کے دیس میں محبتوں کے چراغ جلا رہے ہیں۔ ہمیں ان کے افکار کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنی کوششوں کو تیز تر کرنا چاہیئے۔
محمد شکیل چغتائی نے شیخ الاسلام کی جھنگ کی زندگی سے لے کر اب تک کی تحریکی کامیابیوں، دنیا بھر میں مراکز کے قیام، منہاج القرآن کی عالمی شناخت، اقوام متحدہ کے ادارے میں رکنیت، شیخ الاسلام کے انفرادی اعزازات اور عالمی طور پر ان کی صلاحیتوں کے اعتراف اور خدمات پرروشنی ڈالی۔ پروگرام کے اختتام پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 61 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ان کی درازی عمر، علم اور صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔
رپورٹ:ایم سی بی یورپ
تبصرہ