سانحہ 11 مارچ 2011ء کی یاد میں منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان کی طرف سے دعائیہ تقریب کا انعقاد

مورخہ: 11 مارچ 2012ء

مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل جاپان باندوسٹی ایباراکی پریفیکچر میں گذشتہ سال مورخہ 11 مارچ کو زلزلہ اور سونامی میں جاں بحق ہونیو الے جاپانی عوام اور حکومت جاپان سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کے لئے ایک عظیم الشان تعزیتی دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔

تقریب میں سفیر پاکستان نور محمد جادمانی اور باندسٹی کے میئر Mr Yoshiharu Eiiti مہمان خصوصی تھے۔ معروف روحانی شخصیت الشیخ نعمت اللہ (ترکی)، سفارتخانہ پاکستان کے ڈپٹی چیف آف مشن سید اسد علی گیلانی، پاکستان سے تشریف لائے جنگ گروپ کے آغا خالد، چیئرمین آل پاکستان کیبل آپریٹر ایسوسی ایشن اور میٹرو ٹی وی کے خالد آرائیں، آکشن گروپ کے جنرل مینجر Mr Toshimi Hasebe ،USS آٹو آکشن گروپ کے Mr Hitoshi Lwase، باندوسٹی کے Mr Kinora، ساکائی سٹی کے DR. Sagara Takishi، این پی او ایباراکی کین کے Mr Youkota، پاکستانی اور جاپانی تنظیمات کے دیگر افراد کے علاوہ الطاف غفار، محمد ہارون قریشی، متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر راہنما سید شمس الحق، محمد امین سجن، محمد رزاق، حاجی خسروخان اور قمر سوزوکی نے شرکت کی۔

پروگرام کا آغاز ترکی کی روحانی شخصیت الشیخ نعمت اللہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا جبکہ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت ملک منور حسین نے حاصل کی، نقابت کے فرائض محمد انعام الحق نے خوبصورت انداز میں سرانجام دیئے جسے بے حد سراہا گیا۔ باندو سٹی کے میئریوشی ہارا نے سونامی کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی اور منہاج القرآن کے رفقاء کے جذبہ کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مسلم کمیونٹی اور پاکستانیوں کو اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

سفیر پاکستان نور محمد جادمانی نے اس تعزیتی تقریب کے انعقاد پر منہاج القرآن کی تنظیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اس کے جذبہ کی تعریف کی اور سونامی کے موقع پر پاکستانی کمیونٹی کو جاپانی عوام اور متاثرین کی مدد کرنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے آئندہ بھی جاپان میں اہم ذمہ داری قبول کرنے کے لئے اپنے آپ کوہر وقت تیار رکھنے کی تلقین کی۔ منہاج القرآن مرکز کے سکالر علامہ محمد شکیل ثانی نے حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عملی زندگی کو غیر مسلموں اور مسلمانوں کے لئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کئی ایک واقعات پیش کئے۔

یاد رہے کہ مرکز منہاج القرآن جاپان کی اس تعزیتی دعائیہ تقریب کو ایک سنگ میل قرار دیا گیا جس میں جاپان کے مسلمانوں اور پاکستانی کمیونٹی کے طرف سے براہ راست جاپانی حکومت اور عوام کو ایک مثبت پیغام دیا گیا۔ دعائیہ تقریب کے دوران جاپانی مہمانوں نے کینڈل جلا کر کھڑے ہوکر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ دعائیہ تقریب کی اس مکمل کارروائی کو انٹرنیٹ کے ذریعے پوری دنیا میں دیکھا گیا اس موقع پر سونامی میں شہید ہونے والے پاکستانی محمد ایاز سلیم اور سید شمس الحق کی اہلیہ اور دیگر مرحومین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

پروگرام کے اختتام پر علامہ محمد شکیل ثانی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر آئے ہیں اور ان کی تعلیمات سے جو سبق ہمیں ملتا ہے وہ یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں احترام انسانیت کو پیدا کریں۔ منہاج القرآن کے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پوری دنیا میں اسلام کے امن پسند ہونے کا پیغام لے کر نکلے ہیں اور دنیا بھر میں بالخصوص پاکستان میں پھیلی دہشت گردی کی فضا کے تناظر میں انہوں نے چھ سو صفحات کا فتوی پیش کیا جسے پوری دنیا میں ریفرنس کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ ہم اپنے استاد اور مربی کی تعلیمات کو عام کرتے ہوئے یہ پیغام دے رہے ہیں کہ اسلام امن، محبت اور روداری کا مذہب ہے اس کا دہشت گردی، انتہا پسندی سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تو غیر مسلم اور نہتے کفار پر بھی ہاتھ اٹھانے کو منع کیا ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کا انتہا پسندوں اور دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں اور میں بھی یہی پیغام لے کر پاکستان سے آیا ہوں کہ احترام انسانیت کو سیکھا، سمجھا اور اس پر عمل کیا جائے۔

ایباراکی کے میئر اور پاکستان کے سفیر نور محمد جادمانی نے علامہ محمد شکیل ثانی کے فکر انگیز خطاب پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب علامہ شکیل ثانی بول رہے تھے تو یوں لگ رہا تھا جیسے ان کے منہ سے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے الفاظ ادا ہو رہے ہیں۔ اس تقریب میں شریک ہو کر ہمیں بہت خوشی محسوس ہوئی ہے اور ان شاء اللہ آئندہ بھی منہاج القرآن جب بھی ہمیں اپنے کسی پروگرام میں مدعو کرے گا ہم ضرور حاضر ہوں گے۔ تقریب کا اختتام ترکی کی بزرگ روحانی شخصیت الشیخ نعمت اللہ نے کرائی۔

رپورٹ:فیصل ملک، محمد ایاز

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top