آج کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ پاکستان قوم کو تلاش کر رہا ہے۔ فیض الرحمن درانی

مورخہ: 24 مارچ 2012ء

گروہوں میں بٹے رہنے کی روش سے تائب ہو کر پھر سے قوم بننا ہوگا
موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے درست قیادت کا انتخاب نہیں ہوسکتا
منشور کی سیاست کو موجودہ انتخابی نظام نے دفن کردیا

پاکستان عوامی تحریک کے صدر فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ آج کا سب سے بڑا المیہ ہے کہ پاکستان قوم کو تلاش کررہا ہے۔ ہم پنجابی، سندھی، بلوچی اور پٹھان تو ہیں مگر پاکستانی نہیں رہے۔ آج گروہوں میں بٹے رہنے کی روش سے تائب ہو کر پھر سے قوم بننا ہوگا۔ موجودہ انتخابی نظام کے ہوتے درست قیادت کا انتخاب نہیں ہوسکتا، عوام کو انتخابی اصلاحات کے یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہوکر تبدیلی کی جدوجہد کا آغاز کرنا ہوگا۔ تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور مہم ملک میں حقیقی تبدیلی کی بنیاد ثابت ہوگی۔ وہ گذشتہ روز منہاج القرآن یوتھ لیگ کے زیراہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے ہونے والے سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر بابر چوہدری، طیب ضیاء، اور دیگر طلبہ رہنماء بھی موجود تھے۔

انہوں نے کہا کہ صوبوں کا احساس محرومی ختم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہو نگے۔ بلوچستان کی صورتحال کے ہم سب ذمہ دار ہیں، عوام کو اپنی ترجیحات بدلنا ہونگی۔ منشور کی سیاست کو موجودہ انتخابی نظام نے دفن کر دیا ہے۔ حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کرادار ادا کرنا ہوگا۔

فیض الرحمن درانی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا ذمہ دار وہ مقتدر طبقہ ہے جو مرکز اور صوبوں میں اقتدار پر براجمان ہے۔ لوڈشیڈنگ اور بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ کے تسلسل نے غریب عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے جبکہ ہوشرباء مہنگائی نے ان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کو پہچاننا ہوگا اور ملک و عوام کو مسائل کی گرداب سے نکالنے کیلئے ایسی اجتماعیت کا ساتھ دینا ہو گا جو ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے سنجیدہ، مؤثر اور حقیقی جدوجہد کررہی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top