منہاج ماڈل سکول جبوکسی اعوان کے زیراہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات و نتائج

مورخہ: 23 مارچ 2012ء

گوجرخان (عبدالستار نیازی) منہاج ماڈل سکول جبوکسی اعوان کے زیراہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات و نتائج کا انعقاد 23 مارچ (یوم پاکستان) بروز جمعتہ المبارک صبح 10 بجے منہاج ماڈل سکول جبوکسی اعوان یونین کونسل جنڈ مہلو تحصیل گوجرخان ضلع راولپنڈی میں کیاگیا۔ پروگرام کی صدارت پیر سید نعیم الحسن شاہ (آستانہ عالیہ جنڈ مہلو شریف) نے کی جبکہ مہمانان خصوصی میں تحصیل گوجرخان کی معروف علمی شخصیت پروفیسر نسیم تقی جعفری، ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی (صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان)، محمد شفیق مصطفوی (ناظم ویلفیئر) عبدالستار نیازی (ناظم میڈیا TMQگوجرخان)، ڈاکٹر ثاقب حسین (ناظم TMQ یونین کونسل جنڈمہلو) سمیت دیگر متعدد شخصیات تھیں۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور دعائیہ نظمیں، ملی نغمے اور تقاریر مختلف طلبہ و طالبات نے پیش کیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر نسیم تقی جعفری نے کہا کہ علم دوست شخصیات کی تاریخ قدر کرتی ہے اور ڈاکٹر محمد طاہرالقادری جیسی علمی شخصیات کا حوالہ صدیوں تک رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں پر زیور تعلیم سے آراستہ ہونے والے معصوم ننھے بچے اللہ پاک کے باغ کے پھول ہیں۔ ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی نے خطاب کرتے ہوئے عظیم الشان تقریب کے انعقاد پر چیف ایگزیکٹو ملک محمد فراز، پرنسپل طارق محمود فاضلی اور سٹاف کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ منہاج ماڈل سکول جبوکسی اعوان کو جب بھی تحریک منہاج القرآن گوجرخان اور تحریک منہاج القرآن یونین کونسل جنڈ مہلو کی ضرورت پڑی ہم ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔

پرنسپل طارق محمود فاضلی نے خطاب کرتے ہوئے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی اور منہاج ماڈل سکول جبوکسی اعوان کا تفصیلی تعارف پیش کیا۔ اس موقع پر سٹیج سیکرٹری کے فرائض ناظم ویلفیئر محمد شفیق مصطفوی اور محترمہ نازش صاحبہ نے ادا کئے، جبکہ میڈیا کی بھرپور کوریج کیلئے عروج ٹی وی گوجرخان کی ٹیم ناظم میڈیا تحریک منہاج القرآن گوجرخان عبدالستار نیازی کی سربراہی میں موجود رہی۔

اس موقع پر بچوں نے یوم پاکستان، یکجہتی پاکستان اور امن پاکستان کیلئے مختلف قسم کے ٹیبلو پیش کئے جن سے سامعین خواتین و حضرات بھرپور لطف اندوز ہوئے۔ پروگرام کے اختتام پر پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کو انعامات دیئے گئے۔ اختتامی دُعا پیر سید نعیم الحسن شاہ نے کی۔

رپورٹ: عبدالستار نیازی (ناظم میڈیا تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان)

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top