منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم گوجر خان کے تحت تقریب یوم پاکستان
منہاج القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم گوجر خان راولپنڈی کے زیراہتمام 23 مارچ کو پاکستان زندہ باد کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، بعد ازاں بچوں نے ملی نغمے پیش کئے اور قرارداد پاکستان کے حوالے سے تقاریر کی گئیں جس میں قائد ملت محمد علی جناح کو خراج تحسین پیش کیاگیا اور بزرگوں کی قربانیوں سے حاصل ہونے والی عظیم مملکت ارض پاکستان کو تکمیل پاکستان بنانے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرقیادت حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کیا گیا۔
تقریب سے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد ذکیہ منیر صاحبہ نے یوم پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کی ترقی وخوشحالی صرف اور صرف قیام امن اور فروغ علم میں ہے اس لئے بچوں اور نوجوانوں کو علم کے زیور سے آراستہ ہوکر، قائد اعظم کے فرمان ایمان، اتحاد اور تنظیم کو دلوں کے پاتال میں اتار کر وطن عزیز پاکستان کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
اسلامک سنٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر محمد طاہر علوی نے کہا کہ ارض پاکستان کی بنیادوں میں ہمارے آباؤ اجداد کا خون شامل ہے، بڑی منزلیں ہمیشہ قربانیوں سے ملتی ہیں۔ ہمارے بڑوں نے پاکستان بنانے کے لئے بہت قربانیاں دیں تھیں۔ آج وقت ہے کہ پاکستان کا جو خواب علامہ اقبال نے دیکھا، قائداعظم نے جس کی تعبیر دی اسی پاکستان کی تکمیل کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی زیرقیادت ہم سب مل کر جدوجہد کریں اور متحد ہو کر علم کے نور کے ذریعے جہالت و نفرت کے اندھیروں کو ختم کرنے کی سعی مسلسل کریں۔ آج یوم پاکستان کی اس عظیم تقریب میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے اور روح قائدواقبال سے عہد کریں کہ اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں۔
اختتامی دعا میں مملکت پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کی دعائیں مانگی گئیں۔
تبصرہ