منہاج القرآن واہ کینٹ کے زیراہتمام 12 شادیوں کی اجتماعی تقریب

مورخہ: 24 مارچ 2012ء

تحریک منہاج القرآن واہ کینٹ کے زیراہتمام 12 شادیوں کی اجتماعی تقریب مورخہ 24 مارچ 2012ء کو منعقد ہوئی، جس میں 12 یتیم اور بے سہارا بچیوں کی شادیاں کی گئیں۔ تقریب میں مرکزی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی مہمان خصوصی تھے جبکہ امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم، PP-8 واہ کینٹ تحریک منہاج القرآن کے صدر علامہ عین الحق بغدادی، PP-8 واہ کینٹ تحریک منہاج القرآن کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد لیاقت، حاجی محمد اقبال، خواجہ محمد وقار، راجہ ربنواز، شیخ ندیم، فخر زمان عادل، راجہ ساجد، محمد آصف مغل، پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد، علامہ مقصود ایوب اور دیگر معزز مہمان بھی معزز مہمانوں میں شامل تھے۔

شادیوں کی اس تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا، جس کے بعد نعت مبارکہ بھی پڑھی گئی۔ تقریب میں براتوں کا سلسلہ 12 بجے شروع ہوگیا تھا، اس موقع پر تمام براتوں اور اس کے ساتھ براتیوں کو باقاعدہ طور پر خوش آمدید کہا گیا۔ دلہنوں کا استقبال کرنے کے لیے منہاج القرآن ویمن لیگ کی سسٹرز موجود تھیں۔

شادیوں کی تقریب میں معزز علماء کرام نے تمام جوڑوں کے الگ الگ نکاح پڑھائے۔ اس موقع پر منہاج القرآن واہ کینٹ کی جانب سے تمام دلہنوں کو جہیز کا سامان بھی دیا گیا، جس میں تمام ضروریات زندگی کی اشیاء شامل تھیں۔

تقریب میں مہمان خصوصی ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ معاشرے کے محروم طبقات میں خوشیاں تقسیم کرنا سب سے بڑی نیکی ہے۔ آج غربت، احساس محرومی اور بگڑتی ہوئی معاشی صورتحال میں انسانیت کے دکھ درد بڑھتے جا رہے ہیں، جن کو بانٹنا ہی کمال عظمت کی علامت ہے۔ نفسا نفسی کے اس دور میں منہاج القرآن اس فلاحی فریضہ کو سر انجام دے کر اپنا وہ کردار ادا کر رہی ہے، جو سنت نبوی ہے۔ اس عظیم مقصد کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی سرپرستی میں منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مصروف عمل ہے، جو یہ فلاحی فریضہ جاری رہے گا۔

امیر پنجاب احمد نواز انجم نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن اس دور میں مختلف شعبۂ ہائے زندگی میں کار خیر سر انجام دے رہی ہے جن کی یاد صدیوں تک زندہ رہے گی۔ کیونکہ آج ہم صاحب ثروت ہو کر بھی اپنے ارد گرد حقدار لوگوں کا خیال نہیں کریں گے تو یہ سراسرنا انصافی ہے۔ اس ناانصافی اور معاشرتی تقسیم کو دور کرنے کے لیے منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن اپنا کردار ادا کررہی ہے۔

PP-8 واہ کینٹ تحریک منہاج القرآن کے صدر علامہ عین الحق بغدادی اور PP-8 واہ کینٹ تحریک منہاج القرآن کے جنرل سیکرٹری حاجی محمد لیاقت نے کہا کہ موجودہ دور میں انسانیت کے دکھوں کا مداوا عین سنت نبوی ہے۔ ہم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے پلیٹ فارم سے آئندہ بھی کئی بے سہارا اور یتیم خاندانوں کی اس ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے واہ کینٹ سے تعلق رکھنے والے مستحق طلبہ میں مفت کتب کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔

تقریب کا اختتام تمام جوڑوں کی رخصتی سے ہوا۔ اس موقع پر اجتماعی دعائے خیر بھی کی گئی۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top