منہاج ماڈل سکول بھنگالی گوجر کے زیراہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات

مورخہ: 26 مارچ 2012ء

منہاج ماڈل سکول بھنگالی گوجر کے زیراہتمام سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیاگیا جس کی صدارت حاجی چوہدری محمد منیر (سرپرست منہاج اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم) نے کی جبکہ مہمان خصوصی علامہ طاہر علوی (ڈائریکٹر منہاج اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم تحصیل گوجر خان) تھے۔ تقریب میں خصو صی شرکت چوہدری محمد اسحاق (ناظم تحریک منہاج القرآن حلقہ پی پی 4) نے کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز ذکیہ بی بی کلاس نہم نے تلاوت کلام ربانی سے کیا جبکہ خصوصی نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ثمن زہرا اور ایمن زہرا نے پیش کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر علوی نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی آف پاکستان اس وقت پورے ملک میں فروغ تعلیم و شعور میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ بلا شک و شبہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا لگایا ہوا پودا آج ایک تناور اور پھل دار درخت کی حیثیت اختیار کرچکا ہے۔ آج کے نوجوان کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث سے آگاہی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی نے قرآن کو بطور لازمی مضمون نصاب میں شامل کر کے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔

تقریب سے چوہدری محمد اسحاق نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں پوزیشن لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں بچوں کے والدین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top