کالج آف شریعہ کے طالب علم کی جامعہ نعیمیہ لاہور کے تقریری مقابلہ میں پوزیشن
جامعہ نعیمیہ لاہور کے زیر اہتمام مورخہ 27 مارچ 2012 کو" آل پاکستان مقابلہ حسن تقریر" ہوا۔ جس میں ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے طلباء نے شرکت کی اس مقابلہ کا انعقاد مفتی محمد حسین نعیمی سیمینار کے موقع پر کیا گیا تھا۔ پروگرام کےمہمانان خصوصی میں پاکستان کے سابقہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف، معروف ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین ، چیرمین ہلال کمیٹی پاکستان مفتی منیب الرحمن، جگر گوشہ حضور ضیاء الامت پیر امین الحسنات شاہ، شیخ الحدیث جامعہ نعیمیہ مفتی عبدالحلیم، مہتمم جامعہ نعیمیہ صاحبزادہ راغب حسین نعیمی، کوآرڈینیٹر پی ایچ ڈی پروگرام منہاج یونیورسٹی ڈاکٹر مسعود احمد مجاہد تھے۔
اس مقابلہ حسن تقریر میں کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز کے تین طلباء نے شرکت کی، جن میں سے سیکنڈ ائیر کے ہونہار طالبعلم محمد نواز عباس نے "استحکام پاکسان اور طلباء کا کردار" کے موضوع پر تقریر کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ محمد نواز عباس نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ بلاشبہ نوجوان اس قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور کسی ملت کا شباب اور اوج کمال ملت کے نوجوانوں کے پاکیزہ، متحرک و عملی کردار کا نتیجہ ہے۔ اور نوجوانوں کی گمراہی اور بد عملی کے سبب :
"اجڑے دیکھیں ہیں گردوں نے امتوں کے شباب"
استحکام پاکستان میں ملت کے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ آج ماؤں کو مغربی فکر کے بتوں کو پاش پاش کرنے کے لئے نیا ابن خلدون، نیا رازی اور نیا اقبال پیدا کرنا ہوں گے۔
آخر میں مہمانان گرامی نے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات تقسیم کیے۔ محمد نواز عباس نے اپنا انعام شیخ الحدیث جامعہ نعیمیہ مفتی عبدالحلیم سے وصول کیا۔
پرنسپل کالج آف شریعہ، ڈاکٹر عبیداللہ رانجھا، وائس پرنسپل اکیڈمک ڈاکٹر اصغر جاوید، وائس پرنسپل ایڈمن میجر علی حسین رضوی اور تمام اساتذہ کرام اور انتظامی عہدیداران نے پوزیشن لینے والے طالب علم کو مبارکباد پیش کی ۔
تبصرہ