پاکستان کی کشتی طاقتوروں کے تھپیڑوں کے سپرد ہے اسکی کوئی سمت ہے نہ منزل۔ ڈاکٹر طاہر القادری

پاکستان کی نظریاتی سرحدوں میں نقب لگانے والوں نے اسکے جغرافیے کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے
یوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر قوم کے نام پیغام

شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے یوم اقبال رحمۃ اللہ علیہ پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی کشتی طاقتوروں کے تھپیڑوں کے سپرد ہے اسکی کوئی سمت ہے نہ منزل۔ افسوس آج پاکستان کے قیام بارے یہ زہریلا پراپیگنڈہ بھی ہو رہا ہے کہ اسکا قیام درست تھا یا غلط؟ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں میں نقب لگانے والوں نے اسکے جغرافیے کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ پاکستان کو کالونی بنانے والے کوئی اور نہیں منتخب نمائیندے ہیں۔ جس ملک کو جنوبی ایشیاء کا لیڈر ہونا چاہیے تھا وہ معاشی اور سیاسی لحاظ سے اس قدر کمزور بنا دیا گیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے کرنے میں بھی آزاد نہیں رہا۔ یہ سب اس لئے ہے کہ ہم نے اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی فکر سے ناطہ توڑ لیا ہے۔ آج نظام مجبوریت کو جمہوریت کا نام دیا گیا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ سے متصادم ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم فکر اقبال رحمۃ اللہ علیہ کے مطابق اپنی ترجیحات طے کریں۔ ہماری بنیادی پالیسیوں کے خدوخال اقبال رحمۃ اللہ علیہ کی سوچ سے ہم آہنگ ہو جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم زوال سے پلٹ کر ترقی کا سفر نہ شروع کر سکیں۔ اقبال کے پیغام خودی سے رہنمائی لے کر غلامی سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ آج ادارے ایک دوسرے کے مقابل ہیں اور آمرانہ رویے ملک کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہے ہیں۔ قوم کو شعور بیدار کرکے کھرے کھوٹے میں پہچان کرنا ہو گی تبھی فیصلے ملکی مفاد میں ہو سکیں گے۔

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top