منہاج القرآن یوتھ لیگ فرانس کے زیر اہتمام تیسرا سالانہ نفلی المیلاداعتکاف

منہاج القرآن یوتھ لیگ فرانس کے زیر اہتمام مرکز لاکورنیو میں 20 تا 22 اپریل تین روزہ سالانہ نفلی المیلاد اعتکاف کا انعقاد کیا گیا جس میں 70 سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی۔

اس میلاد اعتکاف کا مقصد دیار غیر میں بسنے والے نوجوان جہاں اللہ رب العزت کے حضور سجدہ ریز ہوں وہاں اپنے قلوب واذہان کو عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے بھی منور کرتے جائیں۔ان تین دنوں میں عبادات کے ساتھ ساتھ دینی اور فقہی مسائل بتائے گئے۔دلوں میں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شمع جلانے کے لئے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے ویڈیو لیکچر دکھائے گئے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر منہاج القرآن فرانس علامہ عبدالرازق قادری نے بچوں کی اصلاح اور تربیت کے حوالہ سے خصوصی لیکچر دیئے۔اس سال کے المیلاد اعتکاف کی خاص بات یہ تھی کہ اس کے دوسرے دن کی نشست چار گھنٹے منہاج ٹی وی پر لائیو دکھائی گئی جس کی نقابت علامہ عبدالرازق قادری نے کی۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت قادری محمد صدیق نے حاصل کی۔ صدر منہاج القرآن گارج لے گونس زاہد محمود چشتی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔اس کے بعد منہاج یوتھ لیگ فرانس کے نوجوانوں عامر نعیم، یاسر نعیم، محمد یاسین، دانش، شعیب اشفاق، زوہیب اشفاق اور خصوصی طور پر تشریف لائے فرنچ مسلم ہارون بتول نے محفل ذکر ونعت کے ذریعے کو ماحول کو وجد آفریں بنادیا۔المیلادا عتکاف سے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری نے بذریعہ ٹیلی فون خصوصی گفتگو فرمائی۔آپ نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے علم کی افادیت واہمیت قرآن وسنت کی روشنی میں بیان کی اورا نہیں محنت اور لگن سے اپنی تعلیم مکمل کرنے کا کہا۔ آپ نے اپنے پیغام میں بالخصوص والدین سے کہا کہ اپنے بچوں کو ان کی تعلیم مکمل کرنے دیں،اپنے کاروبار کے لئے ان کی تعلیم کو ادھورا نہ رہنے دیں۔کل کو جب کوئی مسلمان بچہ اپنی فیلڈ میں نام پیدا کرے گا تو اس سے دین کو فائدہ ہوگا۔

پروگرام کے آخری دن ڈائریکٹر مسجد درانسی حسن شالگومی اور منہاج القرآن فرانس کی انتظامیہ کو خصوصی دعوت دی گئی تھی۔ حسن شالگومی اور جنرل سیکرٹری منہاج القرآن فرانس حاجی محمد اسلم نے منظم طریقے سے میلاد اعتکاف کا پروگرام منعقد کرنے پر منہاج القرآن یوتھ لیگ فرانس کو مبارکباد پیش کی۔ آخر میں آرگنائزر المیلاد اعتکاف سلمان اسلم نے اعتکاف کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالی اور معزز مہمانوں کو شکریہ ادا کیا۔علامہ عبدالرازق قادری نے اعتکاف کی اختتامی دعا کرائی۔

رپورٹ: عدنان شفقت

تبصرہ

ویڈیو

Ijazat Chains of Authority
Top