موجودہ نظام انتخاب میں اپوزیشن اور حکومت عوام کو لوٹنے کے دو ماسک ہیں۔ جی ایم ملک
پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان جی ایم ملک نے کہا ہے کہ موجودہ نظام انتخاب میں اپوزیشن اور حکومت دو ماسک ہیں جنہیں باری باری چڑھا کر قومی خزانے پر ہاتھ صاف کئے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان میں جمہوریت اس نظام کا نام رہ گیا ہے جہاں عوام کے حقوق سے کھیلنا مقتدر طبقہ اپنا موروثی حق سمجھتا ہے۔ مجبوریت کو جمہوریت کا لبادہ اُوڑھا کر عوامی حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کا شغل کئی سالوں سے جاری ہے۔
الیکشن اور صرف الیکشن کو جمہوریت سمجھنے والے عوام کو احمقوں کی جنت میں رکھ کر قومی خزانے پر ہاتھ صاف کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں شخصیات مضبوط اور ادارے ایک دوسرے کے مقابل آ جائیں وہاں آئین کی حیثیت موم کی ناک سے زیادہ نہیں رہ جاتی۔ اداروں کا کمزور ہونا ملک کی معیشت اور سیاسی استحکام کیلئے زہر قاتل ہے۔ جمہوریت اس نظام کا نام ہے جس میں ہر سطح پر عوام کے حقوق کی رکھوالی کا عمل دن بدن مضبوط ہو رہا ہو مگر بدقسمتی سے پاکستان میں نام نہاد جمہوریت چند خاندانوں کے گھر کی لونڈی ہے۔
تبصرہ