تحریک منہاج القرآن کی نئی اردو ویب سائٹ کا افتتاح

مورخہ: 23 اگست 2008ء

مؤرخہ 23 اگست 2008ء کو تحریک منہاج القرآن کی نئی اردو ویب سائٹ جاری کر دی گئی۔ اس ویب سائٹ پر تحریک، شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، تحریک کے مرکزی شعبہ جات کا تعارف، سرگرمیاں، سرکلرز اور قائدین کے انٹرویوز پیش کئے گئے ہیں۔ سرورق پر پیش کردہ اہم حصوں میں تحریکی سرگرمیاں، فلاحی سرگرمیاں، سمندرپار سرگرمیاں، خواتین کی سرگرمیاں، آرٹیکلز، پریس ریلیز، ملٹی میڈیا، گوشہ درود اور تحریکی لٹریچر پر مبنی پانچ اہم ویب سائٹس شامل ہیں۔

ویب سائٹ میں سب سے اہم خصوصیت تاریخ وار سرگرمیاں کے نام سے پیش کردہ کیلنڈر ہے، جس کی مدد سے ماضی، حال اور مستقبل کے تناظر میں تحریک منہاج القرآن کی سرگرمیوں کو کیلنڈر کی صورت میں پیش کیا گیا ہے۔ کسی تاریخ کو کلک کرنے سے اس تاریخ سے متعلق سرگرمیاں ظاہر ہوتی ہیں، جبکہ مہینے کو کلک کرنے سے اس مہینے سے متعلق تمام سرگرمیاں ایک لمبی فہرست کی صورت میں تاریخ وار ظاہر ہوتی ہیں، کسی عنوان کو کلک کرنے سے اس سے متعلقہ تفصیل بھی ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

دوسری اہم خصوصیت فوری خبر کے نام سے شروع کردہ مختصر خبروں کا سلسلہ ہے، جہاں مرکزی شعبہ جات اور ملک بھر میں واقع تنظیمات کی جاری اور آنے والی سرگرمیوں بارے اطلاع نشر کرنے کا انتظام ہے۔

ویب سائٹ کے بالائی حصے میں تلاش کے نام سے پیش کردہ بلاک کی مدد سے ویب سائٹ میں شائع شدہ مواد میں موجود کسی بھی لفظ کو بآسانی تلاش کیا جا سکتا ہے۔

ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب مرکزی سیکرٹریٹ میں واقع منہاج انٹرنیٹ بیورو میں ہوئی۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے قائم مقام ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض، منہاج انٹرنیٹ بیورو کے قائم مقام سربراہ جی ایم ملک، امیر تحریک (پنجاب) احمد نواز انجم، ناظم حلقہ درود و عرفان القرآن کورس میاں عبدالقادر، سینئر نائب ناظم تربیت غلام مرتضی علوی، خالد محمود اور منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم بھی موجود تھی۔

ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالستار منہاجین نے ویب سائٹ کی تفصیلی بریفنگ دی اور اس پر مہیا کردہ سہولتوں سے مہمانان گرامی کو آگاہ کیا۔ شیخ زاہد فیاض نے ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم کو عالمی معیار کے مطابق تحریک منہاج القرآن کی نئی اردو ویب سائٹ بنانے پر خصوصی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ اس ویب سائٹ کے ذریعے دنیا بھر میں موجود اردو دان طبقے تک تحریک منہاج القرآن کا پیغام زیادہ احسن طریقے سے پہنچ سکے گا۔

میاں عبدالقادر نے کیلنڈر کی صورت میں پیش کردہ تاریخ وار سرگرمیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہم تنظیمات کو SMS کی مدد سے اپنی سرگرمیاں، مرکز پہنچانے کی طرف راغب کریں تو روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں سرگرمیاں منظر عام پر لائی جا سکتی ہیں، جس سے کارکنوں میں ایک نیا جذبہ پیدا ہوگا۔

اس موقع پر شیخ زاہد فیاض نے پاکستان بھر میں تحریک کی ضلعی و تحصیلی تنظیمات میں اس ویب سائٹ کا تعارف عام کرنے اور اس سے استفادہ کی ترغیب کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے فرمایا کہ اردو ویب سائٹ میں جاری کردہ نئی سہولتوں کو انگریزی ورژن میں بھی شامل کیا جائے تاکہ انٹرنیشنل کمیونٹی سے وابستہ انگریزی صارفین بھی اس سے استفادہ کر سکیں۔ یاد رہے کہ منہاج انٹرنیٹ بیورو کی ٹیم اس اردو ویب سائٹ کے علاوہ پہلے سے تحریک منہاج القرآن کے مختلف شعبوں کے لئے دو درجن کے قریب ویب سائٹس بنا چکی ہے۔

تبصرہ

ویڈیو

پیش آمدہ مواقع

Ijazat Chains of Authority
Top